سانحہ 9 مئی ، پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں ریلیاں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) سانحہ 9 مئی کی مناسبت سے ملک کے مختلف شہروں میں پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی گئیں۔
میانوالی میں جہاز چوک میں پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی۔ شرکاء کا کہنا ہے کہ 9 مئی جیسے واقعات آئندہ ہوئے تو ملوث عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
ملتان میں مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے چوک کچہری پر ریلی نکالی گئی اور شرکاء نے مطالبہ کیا کہ 9 مئی کے ملزمان کو سزائیں دی جائیں۔ بہاولپور میں مسلم لیگ ن کے کارکنان کی جانب سے پاک فوج زندہ باد ریلی چنڑ ہاؤس ملتان روڈ سے فرید گیٹ تک نکالی گئی۔ ادھر حب میں سانحہ 9 مئی کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں گورنمنٹ ہائی اسکول سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔
نوشکی میں سانحہ 9 مئی کے خلاف بلوچستان عوامی پارٹی کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
مزید پڑھیں: 9 مئی کی منصوبہ بندی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، چیئرمین سینیٹ
کوہلو میں سانحہ 9 مئی کے خلاف ختم نبوت چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ کمالیہ میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے انجمن تاجران لیبر قومی موومنٹ نے اے سی آفس سے کلمہ چوک تک ریلی نکالی۔
لاڑکانہ میں سانحہ 9 مئی پر طلباء نے نجاح باغ مین نصرت بھٹو کمیونٹی ہال کے باہر احتجاج کیا۔ سانگھڑ میں بھی سانحہ 9 مئی کے خلاف سماجی تنظیم پاکستان زندہ آباد موومنٹ نے مظاہرہ کیا، مظاہرہ پریس کلب شہدادپور پر کیا گیا۔ مٹیاری میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے سول سوسائٹی نے درگاہ روڈ سے ہالہ پریس کلب تک ریلی نکالی۔
تھرپارکر میں 9 مئی کی مناسبت سے پاک فوج کی حمایت میں اسلام کوٹ میں ریلی نکالی گئی جس میں شریک تاجروں اور شہریوں نے پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔