(24 نیوز)احساس راشن رعایت پورٹل رجسٹریشن کیلئے کھول دیا گیا ہے۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ کم آمدنی والے گھرانے اپنی درخواستیں پورٹل پر آن لائن جمع کرواسکتے ہیں۔رجسٹریشن کروانے والے کریانہ دکانداروں کو ہر سہ ماہی پر قیمتی انعامات ملیں گے۔
تفصیلات کے مطابق آج احساس راشن رعایت رجسٹریشن پورٹل کا اجرا کر دیا گیا ہے،پورٹل کا پتہ ehsaasrashan.pass.gov.pk ہے ۔اس موقع پر ڈاکٹر ثانیہ نے اسلام آباد میں ایک کریانہ دکاندار کی احساس رجسٹریشن پورٹل پر درخواست خود درج کروائی،نیشنل بینک ٹیم کے اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈاکٹرثانیہ نشتر نے کہاکہ کم آمدنی والے گھرانے اپنی درخواستیں پورٹل پر آن لائن جمع کرواسکتے ہیں،فی گھرانہ ایک ہی درخواست جمع ہوگی، ہر گھرانہ اندراج کیلئے گھر کے ایک فرد کو چنے گا، درخواست گزار گھرانے یقینی بنائیں کہ موبائل سم گھرانےکے اسی فرد کے نام پر رجسٹر ہو۔ انہوں نے کہاکہ اہل ٹھہرائے جانے کی صورت میں صرف رجسٹرڈ فرد راشن رعایت حاصل کر سکے گا،رجسٹریشن کے چار ہفتوں کے اندر گھرانوں کو انکی اہلیت کے پیغامات 8171سے بھجوا دئیے جائیں گے،دو کروڑ اہل گھرانے آٹا، خوردنی تیل، دالوں پر ماہانہ ایک ہزار کی رعایت حاصل کرسکیں گے۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہاکہ کریانہ دکاندار بھی راشن رعایت پروگرام میں شریک ہونے کیلیئے خود کو رجسٹر کرواسکتے ہیں، کریانہ دکانداروں کی رجسٹریشن کیلیئے بینک اکاﺅنٹ نمبر فراہم کرنا ضروری ہے،جن کریانہ دکانداروں کے بینک اکاؤنٹ نہیں ہیں، وہ نیشنل بینک کی قریبی شاخ میں اپنا اکاﺅنٹ کھلوا سکیں گے۔ انہوں ںے کہاکہ حکومت کی جانب سے کریانہ مالکان کیلئے خصوصی پیکج، سیل پر پرکشش کمیشن دیا جائے گا،ہر سہ ماہی میں کریانہ مالکان کو گاڑیاں، موٹر سائیکل، موبائل فون اور دیگر انعامات قرعہ اندازی کے ذریعے دئیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومتوں کی غفلت سے تعلیم صنعت بن گئی،ریاست مفت تعلیم فراہم کرے، سپریم کورٹ