قطر کو ورلڈ کپ 2022ء کی میزبانی دینا غلط فیصلہ تھا، سابق صدر فیفا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے سابق صدر سیپ بلاٹر کا کہنا ہے کہ قطر کو ورلڈ کپ 2022ء کی میزبانی دینا غلط فیصلہ تھا۔
86 سالہ بلاٹر فیفا کی عالمی گورننگ باڈی کے صدر تھے جب 2010ء میں قطر کو 2022ء کے فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی دی گئی۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق فیفا کے سابق صدر کا کہنا ہے کہ میں اس وقت صحیح تھا کہ قطر کو 2022ء کے ورلڈ کپ کی میزبانی نہیں دینی چاہیئے۔
سوئٹزر لینڈ کے ایک اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے فیفا کے سابق صدر نے کہا کہ قطر ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے ایک بہت چھوٹا ملک ہےاور فٹبال ورلڈ کپ اس کے لیے بہت بڑا ہے۔
فیفا کی ایگزیکٹو کمیٹی نے 12 سال قبل امریکا کے بجائے قطر کو 14 میں سے 8 ووٹ دے کر ایونٹ کی میزبانی سے نوازا تھا۔
فیفا کے سابق صدر نے کہا کہ یہ ایک برا انتخاب تھا اور میں اس وقت صدر کی حیثیت سے اس کا ذمہ دار تھا۔ یوئیفا کے سابق صدر مائیکل پلاٹینی اور ان کی ٹیم کے چار ووٹوں کی بدولت ورلڈ کپ کی میزبانی امریکا کے بجائے قطر کو مل گئی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ فیفا نے 2012ء میں میزبان ممالک کے انتخاب کے لیے استعمال ہونے والے معیار کو ایڈجسٹ کیا تھا جب قطر میں ورلڈ کپ اسٹیڈیم کی تعمیر کرنے والے تارکین وطن شہریوں کے ساتھ سلوک کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا گیا تھا۔