(ویب ڈیسک) شاعر مشرق اور حکیم الامت ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 145 واں یوم پیدائش آج ملک بھر میں ملی جوش و خروش سے منایا جارہا ہے۔
اس پرمسرت موقع پر سیالکوٹ میں اقبالؒ منزل کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا، 9 نومبر کو اقبال منزل میں نماز فجر کے بعد مختلف تقاریب کا انعقاد ہوتا ہے۔
ہر سال اندرون و بیرون ملک سے زائرین علامہ اقبال کی جائے پیدائش پر آکر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ایوان صنعت وتجارت، ضلعی انتظامیہ اور سول سوسائٹی کیک کاٹنے کی تقریب کا انعقاد کرتی ہیں۔
مسلمانوں کے لیے آزاد ملک کا خواب دیکھنے والے اور انسانی روح بیدار کرنے والے شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ 9 نومبر1877 کو سیالکوٹ کے محلہ چوڑیگراں میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد کا نام شیخ نور محمد تھا۔
شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال بیسویں صدی کے معروف مفکر، شاعر، مصنف، قانون دان، سیاست دان، مسلم صوفی اور تحریک پاکستان کی اہم ترین شخصیات میں سے ایک تھے۔
ملت اسلامیہ کو ’لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری‘ جیسی آفاقی فکر دینے والے علامہ اقبال نے قانون اور فلسفے میں ڈگریاں لیں لیکن انہوں نے جذبات کے اظہار کیلئے شاعری کا سہارا لیا۔