نیپال میں زلزلہ،تباہی مچ گئی،4بچوں سمیت6افراد ہلاک

Nov 09, 2022 | 19:27:PM

(ویب ڈیسک)نیپال کے مغربی ضلع دوٹی میں 6.6 شدت کے زلزلے سے چار بچوں سمیت 6 افراد ہلاک اور متعدد عمارتیں منہدم ہونے سے 5 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ زلزلے کے جھٹکے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں بھی محسوس کیے گئے،ہمالیائی ملک نیپال میں مٹی اور اینٹوں کے بنے گھر شدید زلزلے سے تباہ ہوئے ہیں جہاں ریسکیو اہلکار بچنے والوں کو نکالنے کے لیے ملبے کے ڈھیر ہٹانے میں مصروف ہیں۔

نیپالی فوج کے ترجمان نارائن سلوال نے کہا کہ ملبے کے ڈھیر میں 2 افراد لاپتا ہیں۔متاثرہ علاقوں میں خواتین اپنے بچوں کو سردی سے بچانے کے لیے کمبل میں اوڑھے ہوئے کھلے آسمان تلے بیٹھی ہوئی ہیں، جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے ملبے کے ڈھیر سے ایک گائے کو بھی نکالا ہے،  دوٹی ضلع میں پوربی چوکی دیہی میونسپلٹی کے چیئرمین رام اپادھیائے نے کہا کہ وہ قریبی گاؤں میں تھے جب رات دیر گئے 2 بجکر 12 منٹ پر زلزلہ آیا۔

انہوں نے کہا کہ زلزلے کی شدت بہت زیادہ تھی اور وہ فوری طور پر گھر سے باہر نکل آئے۔ضلع دوٹی کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس بھولہ بھاٹا نے کہا کہ 8 گھر منہدم ہونے کی وجہ سے 5 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔

وزیر اعظم شیر بہادر دیوبا نے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ اداروں کو زخمیوں اور متاثرین کے فوری اور مناسب علاج کا بندوبست کرنے کے لیے ہدایت کی گئی ہیں۔


 

مزیدخبریں