(ویب ڈیسک)وزارت توانائی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کا ذخیرہ ملک کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے کافی ہے۔
تفصیلات کےمطابق ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قلت کے حوالہ سے خبریں بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں، 7 نومبر کو پٹرول کا ذخیرہ تقریباً 5 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن تھا جو 21 دنوں کے لئے کافی ہے اور ڈیزل کے حوالے سے موجودہ سٹاک 4 لاکھ 38 ہزار میٹرک ٹن ہے جو آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل کے سٹاک پوزیشن کی بنیاد پر 15 دنوں کے لئے کافی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ نومبر 2022 کے لئے پی ایس او کی جانب سے ڈیزل کی درآمد کی منصوبہ بندی 22 ہزار میٹرک ٹن ہے جس میں سے ایک کارگو 12 نومبر کو کراچی پہنچنے کی توقع ہے جبکہ دیگر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے کارگوز بھی جلد پہنچ جائیں گے، ملک میں پٹرول اور ڈیزل کا ذخیرہ موجودہ ضروریات کو پورا کرنے کیلئے کافی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں آنے والے دنوں میں پٹرولیم مصنوعات کی ناکافی درآمدات اور محدود مقامی دستیابی کی وجہ سے قلت ہو سکتی ہے۔