ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت: کئی ہالی ووڈ اداکاراؤں کا امریکا چھوڑنے پر غور
منی ڈرائیور پہلے ہی امریکاچھوڑچکی ہیں،صوفی ٹرنرواپس برطانیہ جانے کاارادہ رکھتی ہیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد کئی ہالی ووڈ اداکارائوں اور مشہور شخصیات نے امریکا چھوڑنے کاارادہ ظاہرکردیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق 40 سالہ امریکی اداکارہ امیریکا فریرا مبینہ طور پر ٹرمپ کی جیت کے بعد اپنے خاندان کے ساتھ برطانیہ جانے پر غور کر رہی ہیں,وہ اپنے 2 چھوٹے بچوں کے لیے مزید امید افزا مستقبل چاہتی ہیں،امیریکا فریرا نے کملا ہیرس کی شکست پر دکھ اور افسوس کا اظہار بھی کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 66 سالہ امریکی اداکارہ شیرن اسٹون بھی اٹلی جانے پر غور کر رہی ہیں،انہوں نے جولائی میں امریکا چھوڑنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اٹلی میں ایک گھر لینے پر غور کر رہی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 78 سالہ امریکی گلوکارہ واداکارہ چیر بھی ڈونلڈ ٹرمپ کی مخالف رہی ہیں اوران کاکہناہے کہ سابق صدر کی قیادت نے ان کی صحت پر شدید اثر ڈالا ہے،اداکارہ نے 2023ء میں ایک انٹرویو کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار میں واپس آنے کے امکان کے بارے میں کہا تھا کہ اگر ٹرمپ پھر صدر بن گئے تو اس بار میں ملک چھوڑ دوں گی۔
برطانوی اداکارہ صوفی ٹرنر بھی ماضی میں ڈونلڈ ٹرمپ کی اقتدار میں واپسی کے بارے میں کہہ چکی ہیں کہ ایسا ہوا تو وہ اپنے آبائی ملک برطانیہ واپس لوٹ جائیں گی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق 54 سالہ برطانوی نژاد امریکی اداکارہ منی ڈرائیور پہلے ہی امریکا سے جا چکی ہیں،انہوں نے جولائی میں ڈونلڈ ٹرمپ کی ممکنہ جیت کے حوالے سے کہا تھا کہ حال ہی میں امریکی شہر لاس اینجلس میں تقریباً 3 دہائیوں تک رہنے کے بعد برطانیہ واپس آ گئی ہوں۔