(مانیٹرنگ ڈیسک)بالی وڈ کی ماڈل و اداکارہ راکھی ساونت نے شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی گرفتاری سے متعلق ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں سچ جھوٹ نہیں جانتی کہ کون کس کو پھنسا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر ممبئی کی مقامی عدالت نے منشیات کیس میں گرفتار بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی درخواست ضمانت مسترد کردی ہے۔
ضمانت مسترد ہونے کے بعد اب آریان کو ممبئی کی سینٹرل جیل میں رہنا پڑے گا۔
وہیں دوسری جانب بالی وڈ شخصیات کی جانب سے آریان کی گرفتاری پر شاہ رخ خان سے یکجہتی کا اظہار کیا جارہا ہے،اُدھر راکھی ساونت نے بھی بھارتی ایجنسی نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) پر چڑھائی کی ہے۔
اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ویڈیو بیان میں راکھی ساونت کا کہنا تھاکہ یہ نہیں جانتی کہ سچ اور جھوٹ کیا ہے اور کون کس کو پھنسا رہا ہے؟ ایک ہی بات کہنا چاہتی ہوں کہ آپ لوگ شیر ہو تو شیر سے لڑو اور گیدڑ بن کر بچے کا شکار مت کرو۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ یہ کہتے ہوئے دکھ ہوتا ہے کہ بہت سارے شہروں میں کچرے کے ڈھیر پر بچے منشیات پی کر مرجاتے ہیں اور وہیں سے ان کی لاشیں ملتی ہیں لیکن وہاں جاکر منشیات بیچنے والوں کو کوئی نہیں پکڑتا۔