سازشی ناکام ۔الزامات لگانے کا وقت ختم ہو چکا :مریم اورنگزیب
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیرِ اطلاعات فواد چودھری کے بیان پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف پر الزام لگا کر عوام کی نظریں مافیاز کو دیئے گئے این آر او سے نہیں ہٹا سکتے، مخالفین کی تمام سازشیں ناکام ہو چکیں ،بیانات کے ذریعے الزامات لگانے کا وقت ختم ہو چکا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب اور ان کی چور کابینہ کی ضمانت کے تھوڑے دن رہ گئے ہیں، ان چوریوں کی تفصیل عوام کو بتائیں جو عمران صاحب کی سرپرستی میں 3 سال سے جاری ہیں، چوروں اور مافیاز کو این آر او دے کر عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش نہ کریں،عمران صاحب، ان کے اے ٹی ایمز اور مافیاز کے اکاؤنٹس کی تفصیل عوام کو دکھائیں، ابھی حکومت کے کچھ سکینڈل سامنے آئے ہیں، اصل ہوشربا کرپشن کی داستان آنا باقی ہے،انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف کو صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ عدالتوں نے دیا ہے، اربوں کی ڈکیتی پر عمران صاحب اینڈ مافیاز کا یوم حساب قریب ہے۔عوام کو مسائل سے نکالنے کےلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔
خیال رہے کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا تھا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو 25 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے مقدمے میں 30 اکتوبر تک ضمانت ملی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بڑی کرسی خطرے میں۔۔اگلے چند گھنٹے اہم