وزیر اعظم شہباز شریف کا عیدمیلادالنبی پر پیغام
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے 12 ربیع الاول ے موقع پرقوم کے نام پیغام میں کہاہے کہ جس ماہتابِ نبوت کا انسانیت صدیوں سے انتظار کر رہی تھی کہ وہ طلوع ہو اور اپنی ضیا پاشیوں سے جہالت، ظلم، بربریت، استحصال کے گھٹاٹوپ اندھیروں کو دور کرے، اس سالارِ نبوت کی تشریف آوری 12 ربیع الاول کو ہوئی۔ اللہ تعالیٰ نے مومنوں پہ احسان فرماتے ہوئے فخرِکون ومکاں، سرور انس وجان او ر نبی آخر الزماں حضرت محمدرسول اللہ خاتم النبینﷺ کو تمام انسانوں کی طرف مبعوث فرمایا۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہاکہ میری طرف سے اس نعمت عظمٰی کی تشریف آوری پر قوم کو مبارک ہو۔ یہ اللہ تعالیٰ کا احسانِ عظیم ہو ا کہ اس نے حضورﷺ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بناکر بھیجا۔ آپ کی تشریف آوری سے دکھیوں کو چین ملا، بے سہاروں کو سہارا ملا۔ یتیموں اور بیواؤں کو پناہ ملی، غریبوں کو خوداری، غلاموں کو عزت اور امیروں کو سخا نصیب ہوئی۔
ان کاکہناتھا کہ حضور اکرم کی بعثت نے تہذیب کو وقار، ثقافت کو تقدس، علم کو وسعت، فکر کو ندرت، عمل کو طہارت، نفرتوں اور عداوتوں میں سسکتی انسانیت کو ا±خوت ومحبت کے تحفے اور انسان کو اپنے خالق تک رسائی کی معرفت نصیب فرمائی۔ حضور نبی کریم کی سیرت مقدسہ تمام انبیا و رسل کی خوبیوں کا جامع ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ آپ نے اپنی ارفع اور پاکیزہ تعلیمات کے ذریعے زندگی کا فطری تصور پیش کیا۔اللہ تعالیٰ کی وحدانیت اور انسانوں کی برابری کی تعلیم دی۔ بڑائی کی بنیاد اچھے اعمال اور اعلی ٰ اخلاق پر رکھی اور ظلم و ناانصافی کی ہر شکل کو ممنوع قراردیا۔ آپ کے اثر انگیز ارشادات اور اسوہ¿ حسنہ کا نتیجہ یہ نکلا کہ صدیوں کے دشمن بھائی بھائی بن گئے اور غریبوں اور کمزورں کے سر پر لٹکتی ظلم کی تلوار ٹوٹ گی۔ جہالت کی جگہ علم وعرفان نے لے لی اور افلاس ومحکومی کے بدلے معاشرے کو غنا اور آزادی نصیب ہوئی۔
قیامت تک انسانیت کے ہر دکھ کا مداوا رحمتِ دوجہاں کی کامل تابعداری میں پنہاں ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے حبیب مکرم کی کامل اتباع و اطاعت نصیب فرمائے۔
یہ بھی پڑھیں: اے این پی کی ضمنی انتخاب ملتوی ہونے پر حکومتی اتحاد چھوڑنے کی دھمکی