کراچی (ثمر عباس )روس نے یوکرین جنگ میں پاکستان کے نیوٹرل کردار کا اعتراف کرلیا،روسی قونصل جنرل کہتے ہیں کہ روس یوکرین تنازعے میں پاکستان کا کردار نیوٹرل تھا ،پاکستان کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ پر ویسٹ کا دباؤ تھا تاہم ان کا کردار بہت بیلنس رہا۔
کراچی میں پاکستان کونسل آن فارن ریلیشن کے زیر اہتمام روس یوکرین تنازعے پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں میں روس کے کراچی میں تعینات قونصل جنرل آندرے فیڈروف بھی شریک ہوئے۔
روسی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایک دوست ملک سمجھتے ہیں اور پاکستان کیساتھ ملکر چلنا چاہتے ہیں، گیس پائپ لائن منصوبے کیلئے ہم تیار ہیں اسٹیل مل منصوبے میں سرمایہ کاری کیلئے بھی تیار ہیں لیکن تین بڑے مسائل حکومت کو حل کرنے ہوں ،حکومت گیس کی فراہمی ٹریڈ یونین کے مسائل اور زمینوں کے مسائل حل کرے۔
ایک سوال کے جواب میں روسی قونصل جنرل نے کہا کہ روس آٹھ سال تک کوشش کرتا رہا کہ یوکرین کا مسئلہ بات چیت سے حل ہو مگر عالمی طاقتوں کی مداخلت کی وجہ سے یہ مسئلہ پرامن طریقے سے حل نہ ہو سکا یوکرین میں روسی آبادی کا قتل عام کیا جا رہا تھا، نیٹو کو ہمارے بارڈر پر لاکر بٹھا دیا گیا ایسے حالات پیدا گئے جو روس کی سلامتی کیلئے خطرہ تھا ،روسی قونصل جنرل نے بتایا کہ ہر سال درجنوں پاکستانی طلبہ کو اسکالر شپ دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ کلچر کے شعبے میں کام کر رہے ،دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافے کیلئے سرگرمیاں جاری ہیں جس کے مثبت نتائج آئیں گے ،روسی قونصل جنرل آندرے فیڈروف کا کہنا تھا کہ روس یوکرین تنازعے میں پاکستان کا کردار نیوٹرل تھا پاکستان کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ پر ویسٹ کا دباؤتھا تاہم ان کا کردار بہت بیلنس رہا ،تقریب کا اہتمام پاکستان کونسل آن فارن ریلیشن کے جنرل سیکرٹری احسن مختیار زبیری نے کیا ،تقریب میں بزنس کیمونٹی کے افراد نے شرکت کی اور قونصل جنرل سے مختلف سوالات بھی کیے۔