سندھ میں نیا گورنر تعینات،پی ٹی آئی کی شدید تنقید

Oct 09, 2022 | 11:16:AM
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی,کامران خان ٹیسوری,24نیوز , عمران اسماعیل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

اسلام آباد(اویس کیانی )سندھ میں نیا گورنر تعینات کردیا گیا ۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے محمد کامران خان ٹیسوری کی بطور گورنر سندھ تعیناتی کی منظوری دے دی،صدر مملکت نے یہ منظوری آئین کے آرٹیکل 101، ایک، کے تحت دی۔گورنر سندھ کا عہدہ عمران اسماعیل کے استعفیٰ کے بعد سے خالی تھا۔

سندھ کے نئے گورنر کون ہیں ؟

یاد رہے کہ کامران ٹیسوری اور فاروق ستار کو ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے 5 فروری 2018 کو دو تہائی اکثریت کے فیصلے سے پارٹی سے بےدخل کردیا تھا۔ کامران ٹیسوری گزشتہ ماہ ہی ایم کیو ایم میں واپس آئے تھے اور ان کی واپسی سے ایم کیو ایم پاکستان میں ایک بار پھر سے دراڑیں آگئی تھیں۔ رابطہ کمیٹی نے کامران ٹیسوری کو ڈپٹی کنوینر کے عہدے پر بحال کیا تھا جس کے بعد پارٹی میں اختلافات سامنے آئے۔

رابطہ کمیٹی کی رکن کشور زہرہ نے تحریری طور پر اپنے تحفظات ریکارڈ کراتے ہوئے کہا کہ چند لوگوں کی خواہش کو سب کی رائے کہہ کر نہ تھوپا جائے۔ پارٹی کے سینئر رہنما ڈاکٹر شہاب امام نے کامران ٹیسوری کی واپسی پر مستعفی ہونے کا بھی فیصلہ کرلیا تھا۔ شہاب امام نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ایم کیوایم کے دیگر کئی ہم خیال بھی ہیں جو پارٹی فیصلوں سے مطمئن نہیں ہیں۔

گورنر سندھ کی تعیناتی پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی کی تنقید 
رُکن صوبائی اسمبلی و ترجمان پاکستان تحریکِ انصاف سندھ ارسلان تاج کا گونر سندھ کی تعیناتی پر شدید تنقید‏ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے کوٹے پر داغدار ماضی رکھنے والے شخص کو گورنر بنوا دیا گیا۔کیا پانچ ماہ میں گورنر کیلئے ان کو ایک معتبر شخص نہیں ملا؟ کسی اچھی شہرت والے کارکن کو گورنر بنوا دیتے مگر ایک کال کی مار ایم کیو ایم کیا کرتی۔ماضی میں ایم کیو ایم نامعلوم کہلاتی تھی اب نامعلوم ذرائع کی کالز کا انتظار کرتی ہے۔ 


‏انہوں نے کہا ہے کہ نہ مہنگائی کا کچھ ہوا، نہ دفاتر کا کچھ ہوا، لاپتہ افراد کی لاشیں مل گئی۔ مردم شماری کا کچھ نہیں پتا، بلدیاتی قانون ویسے کا ویسا،ایم کیو ایم کے وزراء کے مزے لگ گئےہیں۔ایم کیو ایم والے بھائی پہلے لندن سے کال پر چلا کرتے تھے ،ایم کیو ایم ہر وقت نامعلوم کال کا انتظار کرتی ہے۔ایسے شخص کو گورنر لگا کر سندھ کے عوام کے ساتھ مزاق کیا گیا ہے۔