(ویب ڈیسک) میکسیکو کے ایک سکول میں درجنوں طالب علموں کو پرسرار طور پر زہر دیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ جنوبی میکسیکن ریاست چیاپاس میں پیش آیا جہاں ایک سیکنڈری سکول میں پراسرار طور پر 57 طالب علموں کو زہر دیا گیا ہے جس کے بعد طلبا کی حالت غیر ہونے پر انہیں فوری ہسپتال منتقل کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران چیاپاس کے سکولوں میں بچوں کو اتنی بڑی تعداد میں زہر دینے کا یہ تیسرا واقعہ ہے،سکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فی الحال پتہ نہیں لگایا جاسکا کہ بچوں کو زہر کس نے دیا ہے البتہ والدین خدشہ ظاہر کررہے ہیں کہ بچوں نے شاید زہریلا پانی یا کھانا کھایا ہوگا۔
اس کے علاوہ والدین کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا جس پر انتظامیہ نے واقعے کی فوری تحقیقات کی یقین دہانی کرائی ہے۔
دوسری جانب ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی میں لائے گئے ایک طالب علم کی حالت غیر ہے جبکہ دیگر تمام طالب علموں کی صحت اطمینان بخش ہے۔