کامران ٹیسوری کون ہیں؟

Oct 09, 2022 | 22:06:PM

(24نیوز)ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر کامران ٹیسوری 5 مئی 1974 کو کراچی میں پیدا ہوئے، ان کا تعلق پاکستان کے ایک کاروباری خاندان سے ہے۔

کامران ٹیسوری نے سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں 3 بار بزنس مین آف دی ایئر کا ایوارڈ جیتا،کامران ٹیسوری نے 12 سال قبل سیاست میں قدم رکھا۔ اپنے سیاسی سفر کا آغاز مسلم لیگ فنکشنل میں شمولیت سے کیا ،کامران ٹیسوری نے فنکشنل لیگ کو خیرباد کہہ کر 2017 میں ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت اختیارکی ۔
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان میں انھیں ڈپٹی کنوینر کا عہدہ ملا تاہم 2018 میں سینٹ انتخابات میں ڈاکٹر فاروق ستار کے نامزد کردہ کامران ٹیسوری کو پارٹی کی جانب سے ٹکٹ نہ ملنے پر فاروق ستار نے ایم کیو ایم سے علیحدگی اختیار کرلی تاہم بعد ازاں انہیں ٹکٹ جاری کردیا گیا۔ پانچ فروری 2018 میں ہی کامران ٹیسوری کی وجہ سے ایم کیو ایم بہادر آباد اور پی آئی بی میں تقسیم ہوگئی تھی جس کا خمیازہ 2018 کے عام انتخابات کے نتائج کی صورت میں بھگتنا پڑا اور کامران ٹیسوری بھی سینیٹ کی نشست جیتنے میں ناکام رہے تھے۔ 

ٹھیک ایک ماہ قبل یعنی نو ستمبر 2022ء کو کامران ٹیسوری نے ایک بار پھر ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت اختیار کی اور رابطہ کمیٹی نے انھیں ڈپٹی کنوینر کے عہدے پر بحال کردیا۔
آج کامران ٹیسوری کو گورنر سندھ کے عہدے کے لئے نامزد کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے ان کی تقرری کی منظوری دیدی ہے۔

مزیدخبریں