صبا قمر سمیت دیگر اداکاروں کا فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی

Oct 09, 2023 | 16:51:PM

(24نیوز) اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جاری ’جنگ کی صورتحال‘ پر پاکستان کی شوبز شخصیات نے ردعمل دیتے ہوئے فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کی ہے۔

فلسطینیوں پر کئی سالوں سے جاری مظالم کے بعد حماس کی جانب سے اسرائیل پر 7 اکتوبر کو سمندر، زمین اور فضا سے اچانک حملے کیے گئے تھے جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ ان حملوں کے بعد اسرائیل نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے غزہ پر فضائی حملے کیے جس کے نتیجے میں تقریباً 370 افراد جاں بحق اور 2 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ تاہم اسرائیل اور غزہ میں اب بھی ’جنگ اور بے یقینی‘ کی صورتحال ہے، دونوں جانب عام شہری خوف و ہراس میں مبتلا ہیں جبکہ ہزاروں لوگ بے گھر بھی ہوچکے ہیں۔

اسی دوران اداکارہ صبا قمر سمیت دیگر شوبز شخصیات نے فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے دنیا میں امن کو فروغ دینے کا پیغام دیا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اداکارہ صبا قمر نے ’دریا سے سمندر تک، فلسطین آزاد ہوگا‘ کا نعرہ لکھا۔

خبر رساں ادارے ’انسائڈر‘ کے مطابق یہ نعرہ دنیا بھر کے فلسطینیوں کی جانب سے استعمال کیا جاتا ہے اور یہاں دریائے اردن اور بحیرۂ روم مراد ہے، جو اسرائیل کی ریاست کی سیاسی سرحدیں ہیں۔

یاد رہے کہ فلسطینیوں کا مؤقف ہے کہ یہ نعرہ ان کے انسانی حقوق اور حقِ خود ارادیت کی تعبیر ہے جب کہ اسرائیل کا موقف رہا ہے کہ یہ نعرہ اینٹی سیمائٹ یا یہود مخالف ہے اور اسرائیل کی ریاست کو ختم کرنے کا مطالبہ ہے۔

اداکارہ ارمینہ خان نے لکھا کہ ’میری رائے میں فلسطینی دنیا میں سب سے بہادر لوگ ہیں، انہیں کسی کی سپورٹ نہیں ہے اور دنیا ان کے خلاف ہے، میرے خدا میں ان چھوٹے بچوں کے لیے خوفزدہ ہوں جو اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے‘

اداکارہ نے لکھا کہ وہ لوگ جو شاید نہیں جانتے کہ غزہ ایک کھلی جیل کی طرح ہے، وہاں رہنے والے لوگ آسانی سے اپنے گھر سے باہر نہیں جا سکتے اور انہیں بھوکا رہنا پڑتا ہے اور قتل کردیے جاتے ہیں اور پھر آپ کہتے ہیں کہ وہ ان مظالم کا جواب بھی نہ دیں؟

اس کے علاوہ ٹی وی میزبان انوشے اشرف نے انسٹاگرام اسٹوری پر الجزیرہ کی خبر شئیر کی جس میں لکھا تھا کہ مصر کے شہر اسکندریہ میں پولیس اہلکار کی فائرنگ سے 2 اسرائیلی سیاح ہلاک ہو گئے۔

اس خبر پر انوشے اشرف نے ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ ’تشدد، تشدد کو جنم دیتا ہے، میری خواہش ہے کہ دنیا فلسطین کی مدد کرے تاکہ ہم اس طرح کی خونریزی نہ دیکھیں‘۔

اس کے علاوہ بولی وڈ اداکارہ گوہر خان نے بھی اسرائیل کے خلاف اور فلسطین کی حمایت میں سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے سوال کیا کہ ظالم کب سے مظلوم ہو گیا؟ ظلم و ستم کی سالہا سال تاریخ سے اندھی دنیا کے لیے اب دیکھنا آسان ہوگیا ہے۔

مزیدخبریں