مشرق وسطیٰ میں تنازعے کا حل خود مختار فلسطین ہی ہے، روس
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ آزاد اور خود مختار فلسطین ریاست کا قیام ہی مشرق وسطیٰ میں امن کا ضامن ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے عرب لیگ کے سربراہ احمد ابو الغیط نے ملاقات کی اور غزہ میں ہونے والی جھڑپوں پر تبادلہ خیال کیا جس میں اب تک 700 سے زائد اسرائیلی ہلاک اور 550 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں روسی وزیر خارجہ نے امریکا کا نام لیے بغیر اس خدشے کا اظہار کیا کہ اس جھڑپ میں کوئی غیرملکی کھلاڑی بھی شامل ہوسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: اسرائیل نے خود کو مظلوم ثابت کرنے کیلئے یوٹیوب کا سہارا لے لیا
خیال رہے کہ امریکا نے حماس کیخلاف جنگ میں اسرائیل کی مدد کیلئے جنگی طیارہ بردار بحری جہاز بھیجا ہے جس پر روس نے جنگ کے طویل ہو جانے کے خدشات کا اظہار کیا تھا۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے مزید کہا ہے کہ آزاد فلسطینی ریاست کا قیام اسرائیل میں امن کا سب سے زیادہ قابل اعتماد حل ہے۔ صرف جنگ سے سلامتی کو یقینی نہیں بنایا جا سکتا۔
وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے یہ بھی کہا کہ جنگ میں دونوں جانب کے اب تک سیکڑوں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جس پر گہری تشویش ہے۔ غزہ کو اسرائیل نے اپنا ہدف بنالیا ہے۔