(ویب ڈیسک) قطر کی وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ وہ حماس اور اسرائیلی حکام کے درمیان ثالثی کی کوشش کر رہے ہیں۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے روئٹرز سے بات کرتے ہوئے ایک ترجمان نے کہا کہ ’قیدیوں کے ممکنہ تبادلے سمیت مذاکرات ہفتے کی رات سے جاری ہیں اور ’مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔‘
وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے کہا کہ ’ہماری ترجیحات خونریزی کو ختم کرنا، قیدیوں کو رہا کروانا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ تنازعہ پر قابو پایا جائے اور علاقائی سطح پر اس کے بُرے اثرات سے بھی بچا جائے‘۔
یہ بھی پڑھیے: اسرائیل کی کرنل سمیت 26 فوجیوں، 30 پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق
روئٹرز کے مطابق قطر کی جانب سے یہ تجویز پیش کی گئی ہے کہ اسرائیل میں زیر حراست 36 فلسطینی خواتین اور بچوں کے بدلے اسرائیلیوں کا تبادلہ کیا جائے۔
غزہ میں بنائے گئے اسرائیلی یرغمالیوں کی تعداد ابھی تک واضح نہیں ہے لیکن یہ خیال کیا جاتا ہے کہ حماس نے خواتین، بچوں، بزرگوں اور فوجیوں کو یرغمال بنایا ہے۔