(24نیوز)وزیر داخلہ کی ہدایت پر کرپشن،افغان ویزا ،اسلحہ لاسنز میں خرد برد اور بے ضابطگیوں پر وزارت کے تمام سیکشن افسران کو تبدیل کر نے کے ساتھ ساتھ کئی افسران کی اکھاڑ پچھاڑ کر دی گئی۔
وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کرپشن،افغان ویزا ،اسلحہ لائسنسز میں خرد برد اور بے ضابطگیوں کی بنا پر وزارت داخلہ میں بڑے پیمانے پر افسران کی چھانٹی کر دی۔وزیر داخلہ کی ہدایت پر وزارت کے تمام سیکشن افسران کو تبدیل کردیا گیا اور 5 افسران کو وزارت سے فارغ کرنے کے ساتھ ساتھ منسٹر سٹاف کے 3 افسران کو بھی نکال کر دیا،ڈائریکٹر، ڈپٹی سیکرٹری اور سیکشن افسران کو بھی عہدوں سے ہٹا دیا گیا ۔
وزارت سے نکالے جانے والے 5 افسران کی خدمات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے سپرد کر دی گئیں،ڈی جی میڈیا منسٹر کو بھی وزارت اطلاعات بھجوا دیا گیا جبکہ دوسری جانب عکسر خان نئے ڈائریکٹر ٹو منسٹر تعینات کر دئیے گئے۔
وزارت داخلہ نے گریڈ 19 کے ڈپٹی سیکرٹری خورشید احمد کو اسٹبلشمنٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت،گریڈ 18 کے افسران فرحان احمد،محمد ریاض،عبدالرزاق عثمان شاہ کی خدمات بھی اسٹبلشمنٹ ڈویژن کے سپرد کر دیں اور سید محمد علی نئے ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن، ڈاکٹر جی ایم محمودی سیکشن افسر سی ڈی اے تعینات کر دئیے گئے اور سیکشن افسر ای سی ایل محمد عظیم کو بھی تبدیل کر دیا گیا،ایس او ایف آئی اے،ایس او پاسپورٹ، ایس او رینجرز بھی تبدیل کر دئیے گئے۔
واضح رہے کہ سرفراز بگٹی نے حساس اداروں کی طرف سے موصول ہونے والی وزارت داخلہ کی آڈٹ رپورٹ کے بعد ایکشن لیا ،وزارت داخلہ میں افسران کی تبدیلیوں کے نوٹیفکیشنز جاری کر دئیے گئے۔