فواد خان کی بالی ووڈ میں واپسی،فلم کی پہلی جھلک سامنے آگئی 

فلم"ابیر گلال"میں وہ وانی کپورکےساتھ اداکاری کررہے ہیں،شوٹنگ لندن میں شروع ہے

Oct 09, 2024 | 09:37:AM

 (ویب ڈیسک)ناموراداکار فواد خان کی نئی بالی ووڈ فلم "ابیر گلال" کی شوٹنگ شروع ہوگئی جس میں اداکار کی پہلی جھلک بھی جاری کردی گئی ہے،اس فلم کے ذریعے فواد خان کی تقریباً ایک دہائی بعد بالی ووڈ میں واپسی ہورہی ہے، وہ پہلے پاکستانی  ہوں گے جن کی 2018ء کے بعد بھارتی فلم انڈسٹری میں واپسی ہوگی۔

ایک شوبز ویب سائٹ کے مطابق"ابیر گلال" (Abir Gulaal)میں فواد خان کے ہمراہ بالی وڈ اداکارہ وانی کپور سمیت دیگر اداکار کام کرتے دکھائی دیں گے اور ممکنہ طور پر فلم میں فواد خان کے علاوہ کسی دوسرے پاکستانی فنکار کو بھی کاسٹ کیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے ابھی حتمی طورپرکچھ نہیں کہاجاسکتا،فلم کی ہدایات آرتی ایس باگڑی دیں گی جو اس سے قبل بھی متعدد بالی ووڈ فلموں کی ہدایات دے چکی ہیں۔

"ابیر گلال" کو متعدد افراد اور پروڈکشن ہاؤس پروڈیوس کر رہے ہیں جس میں وانی کپور کے علاوہ بھی تقریباً تمام کاسٹ بھارتی ہوگی۔

فلم کی شوٹنگ کا آغازلندن سے کیا گیا ہے اور ممکنہ طور پر فلم کی تمام شوٹنگ برطانیہ میں ہی ہوگی، تاہم کچھ حصہ بھارت میں بھی شوٹ کئے جانے کا امکان ہے،اس فلم کی کہانی دو ایسے افراد کے گرد گھومتی ہے جو کسی  لالچ کے بغیر ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں، تاہم ان کے درمیان غیرارادی طور پر محبت ہوجاتی ہے جس کے بعد ان کی زندگی میں مسائل شروع ہوتے ہیں۔

ممکنہ طور فلم میں فواد خان اور وانی کپور کو دو مختلف ممالک،خطوں،علاقوں یا نسل سے دکھائے جانے کا امکان ہے ،خیال ظاہرکیاجارہاہے کہ"ابیر گلال"میں دیگر معروف اداکاروں کوبھی معاون کرداروں میں کاسٹ کیا جا چکا ہے، تاہم اس حوالے سے فلم کی ٹیم نے کوئی وضاحت نہیں کی۔

فواد خان اس سے قبل "خوب صورت"، "کپور اینڈ سنز" اور"اے دل ہے مشکل" جیسی فلموں میں بھی کام کر چکے ہیں جن میں وہ سونم کپور اور انوشکا شرما جیسی اداکارائوں کے ساتھ رومانس کر چکے ہیں۔

 

مزیدخبریں