ریکارڈ پر ریکارڈ قائم،سٹاک مارکیٹ میں 86 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی عبور
کاروباری ہفتے کے تیسرے روز انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں 7 پیسے کی کمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ پر ریکارڈ قائم ہونے کا سلسلہ برقرار ہے۔
کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی سٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے جس کے ساتھ سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس نے پہلی بار 86 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر لی ہے۔
ٹریڈنگ کے دوران 581 پوائنٹس اضافے کے ساتھ سٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس 86 ہزار 245 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کاروباری دن کے اختتام پر سٹاک ایکسچینج میں 753 سے زائد پوائنٹس اضافے کے ساتھ ہنڈرڈ انڈیکس 85 ہزار 663 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
خیال رہے کہ 100 انڈیکس اکتوبر کے 6 کاروباری دنوں میں 5000 پوائنٹس سے زائد بڑھ چکا ہے۔
افراط زر میں کمی کے تناسب سے شرح سود میں نمایاں کمی کی توقعات، آئی ایم ایف پروگرام میں شمولیت کے بعد پاکستان میں شعبہ جاتی بنیادوں پر غیرملکی سرمایہ کاری کے راستے کھلنے، سعودی عرب اور خلیجی ممالک کی آئل اینڈ گیس سیکٹر میں ممکنہ سرمایہ کاری جیسے عوامل کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں آج بدھ کو بھی مسلسل تیسرے دن بڑی نوعیت کی تیزی دیکھی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی بازارِ حصص میں تیزی کے سب کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر 85663 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ بھی برقرار ہے,کاروباری ہفتے کے تیسرے روز انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں 7 پیسے کی کمی ہوئی ہے جس کے ساتھ انٹربینک میں ڈالر 277.67 روپے سے کم ہو کر 277.60 روپے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔