لاہور ہائیکورٹ :زیرالتوا مقدمات کا پہلی مرتبہ فیزیکل آڈٹ

Oct 09, 2024 | 15:43:PM

(ملک  اشرف) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عالیہ نیلم کی ہدایت پر لاہور ہائی کورٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ عدالتِ عالیہ لاہور اور پنجاب بھر کی ضلعی عدلیہ میں زیر التواء  مقدمات کا فزیکل آڈٹ کروایا گیا۔

تفصیلات کے  مطابق 31جولائی2024 تک کے زیر التواء مقدمات کے فزیکل آڈٹ کے بعد عبوری فہرستیں تیار کی گئیں۔

فزیکل آڈٹ کے اعدادوشمار کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں ایک لاکھ 3 ہزار کے قریب مقدمات زیر التواء ہیں ، زیر التواء مقدمات میں سے لاہور ہائی کورٹ پرنسپل سیٹ پر 65 ہزار 975 مقدمات زیر التواء ہیں جن میں سے 11 ہزار836 سول مقدمات، 25 ہزار 312 فوجداری، 26 ہزار 175 رٹ درخواستیں اور  2ہزار652 کمرشل و ٹیکس مقدمات شامل ہیں۔

اسی طرح لاہور ہائی کورٹ بہاولپور بنچ پر زیرالتواء مقدمات کی تعداد 9 ہزار 703 ہے، جن میں 5 ہزار746 سول، 6 سو31 فوجداری، 3ہزار316 رٹ درخواستیں اور 10کمرشل و ٹیکس مقدمات زیر التواء ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ ملتان بنچ پر ٹو ٹل  22 ہزار675 مقدمات زیر التواء ہیں۔

زیر التواء مقدمات میں 8 ہزار606 سول، 4 ہزار381 فوجداری، 9 ہزار639 رٹ پٹیشنز اور49 ٹیکس و کمرشل مقدمات شامل ہیں  جبکہ لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں زیر التواء مقدمات کی تعداد5 ہزار343 ہے، جن میں سول مقدمات کی تعداد 5 ہزار329 جبکہ کمرشل مقدمات کی تعداد 14 ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان ریلوے میں جعلی بھرتیاں, فراڈ میں ملوث اسٹیشن ماسٹر گرفتار

 مزید برآں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مس عالیہ نیلم کی ہدایت پر تیار کردہ عبوری فہرستوں کے مطابق صوبہ بھر کی ضلعی عدلیہ میں زیرالتواء مقدمات کی تعداد 14 لاکھ 6 ہزار سے زائد ہے۔ جن میں 11 لاکھ 90 ہزار کے قریب سول مقدمات جبکہ 2 لاکھ 17 ہزار سے زائد سیشن مقدمات زیر التواء ہیں۔

چیف جسٹس مس عالیہ نیلم کی سربراہی میں آئندہ منعقد ہونے والے انتظامی کمیٹی اجلاس میں زیر التواء مقدمات کو نمٹانے کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔

مزیدخبریں