(رائودلشاد)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے رئیر ایڈمرل اظہر محمود کی سربراہی میں پاکستان نیول وار کالج کے وفد نے ملاقات کی،118رکنی وفد میں پاکستان نیوی کے علاوہ 16 دوست ممالک کے افسران بھی شامل تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس یونیورسٹی کا آغاز جلد کررہے ہیں،لاہور میں محمد نوازشریف آئی ٹی سٹی کا پراجیکٹ چند ماہ میں شروع ہوجائے گا،اپنے تمام مہمانوں خاص طور پر غیر ملکی افسران کا لاہور میں خیر مقدم کرتے ہیں۔
مریم نوازشریف نے اس موقع پر سعودی عرب، یمن اور نائیجریا کے نیول افسران کے سوالات کے جواب بھی دیئے اورعالمی سطح پربدلتی صورتحال کے تناظر میں دفاعی میدان میں جدید ٹیکنالوجی کی ضرورت پر زوردیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے پاکستان نیوی کے افسروں اور جوانوں کی پیشہ وارنہ خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پاکستان نیوی وار کالج میں ملکی وغیر ملکی افسران کو دی جانے والی عسکری پیشہ وارانہ تربیت کو بھی سراہا،وزیراعلیٰ نے میری ٹائم کی ترقی اور بلیو اکانومی کے فروغ کے لئے پاک بحریہ کے اقدامات کی تعریف کی۔
سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت عظمیٰ زاہد بخاری،چیف سیکرٹری،ڈپٹی کمانڈنٹ کموڈور احسان احمد خان، پرنسپل سیکرٹری اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔