ذہنی صحت کے عالمی دن پرفاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں آگاہی سیمینار 

ذہنی بیماریوں کی بروقت تشخیص اورعلاج انتہائی اہم ہے،وائس چانسلرپروفیسر خالدمسعودگوندل 

Oct 09, 2024 | 16:32:PM

(24نیوز)ذہنی صحت کے عالمی دن پر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں شعبہ نفسیات کے زیراہتمام آگاہی  سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے بطور سرپرست اعلٰی،سابق وزیر صحت پنجاب پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے بطور مہمان خصوصی اورمعروف ماہرِ نفسیات بریگیڈیئر پروفیسر مودت حسین رانا نے بطور گیسٹ سپیکر شرکت کی۔ 

ذہنی صحت کے عالمی دن 2024 ء کا عنوان "کام کی جگہ پر ذہنی صحت کی دیکھ بھال" ہے ،اس سیمینار کا بنیادی مقصد ذہنی صحت کو عالمی ترجیح بنانا ہے۔ 

استقبالیہ خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم اور بریگیڈیئر پروفیسر مودت حسین رانا کا سیمینار میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ ذہنی صحت انسانیت کے لیے بہت ضروری ہے اور اسی کی بدولت بھرپور زندگی گزارنے اور معاشروں میں مثبت کردار ادا کرنے میں مدد ملتی ہے، ذہنی امراض سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ ہمیں اپنے پروردگار اور قرآن سے مضبوط رشتہ قائم کرنا چاہیے، ذہنی بیماریوں کی بروقت تشخیص اور بروقت علاج انتہائی اہم ہے،انہوں نے سوشل میڈیا کے درست استعمال پر زوردیتے ہوئے ذہنی صحت کے لیے شعبہ نفسیات فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی کاوشوں کو سراہا اور مستقبل میں شعبہ نفسیات کو مزید بہتر بنانے کا عزم کیا۔

بریگیڈیئر پروفیسر مودت حسین رانا نے کام کی جگہ پر ذہنی صحت کی بہترین سہولیات  کو ممکن  بنانے سے متعلق مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیااورکہاکہ پریشانی اور مایوسی دو ایسے ذہنی عوارض ہیں جو دنیا میں سب سے زیادہ عام ہیں۔طلباء وطالبات کو کام کی جگہ پر ذہن سازی کے مواقع اور روزمرہ  زندگی کی مہارتوں کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ ہمت اور کوشش سے کام لیں اوراپنے تعلقات کو بہتر طریقے سے استوار کریں۔انہوں نے اس موقع پر یونیورسٹی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔ 

 پروفیسر جاوید اکرم نے اپنے خطاب میں فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی طالبات کی لیے بنائے گئے سٹوڈنٹ کونسلنگ سینٹر کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ اچھے ادارے اچھے ورکرز کے ساتھ چلتے ہیں لہٰذا ہمیں اداروں کو مضبوط کرنےکی لیے سسٹم کو بہتر کرنا چاہیے،اگر ذہنی صحت خراب ہوگی تو جسمانی صحت پر بھی اسکا اثر پڑےگا،اپنے عزیزوں اور دوستوں کے ساتھ اعتماد کی فضاقائم کریں کیونکہ اعتماد میں بہت برکت ہے۔  

اس موقع پر پرنسپل پروفیسر عبدالحمید،سابق پرووائس چانسلر پروفیسر شمسہ ہمایوں، سابق ڈین پروفیسر منزہ اقبال، چیئر پرسن شعبہ گائنی پروفیسرعائشہ ملک،سابق سربراہ شعبہ نفسیات جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر الطاف قادر خان، سربراہ شعبہ نفسیات کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی/ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ پروفیسرعلی مدیح ہاشمی ،سربراہ شعبہ نفسیات گلاب دیوی ہسپتال ڈاکٹر محمد مجتبٰی، دیگر فیکلٹی ممبران اور طالبات کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔

سیمینار کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم ، بریگیڈیئر پروفیسر مودت حسین رانا  اور دیگر شرکاء  میں اعزازی شیلڈز تقسیم کیں، آگاہی واک کا اہتمام بھی کیا گیا۔

 

مزیدخبریں