(24نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے کے پی ہاؤس کو سیل کرنے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔
خیبرپختونخوا حکومت نے سیکرٹری ایڈمن کے ذریعے اسلام آبادہائیکورٹ میں درخواست جمع کرائی، جس میں سیکرٹری قانون، سیکرٹری داخلہ، ڈی جی رینجرز، ڈی جی ایف آئی اے، سی ڈی اے، آئی جی اسلام آباد اور ڈائریکٹر بلڈنگ اینڈ کنٹرول سی ڈی اے کو فریق بنایا گیا۔
خیبرپختونخوا حکومت نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ صوبائی حکومت کی پراپرٹی کے پی ہاؤس کو غیر قانونی طور پر سیل کیا گیا، جس کے خلاف پشاور ہائی کورٹ گئے تو کہا گیا کہ متعلقہ فورم اسلام آباد ہائیکورٹ بنتا ہے۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ کے پی ہاؤس کو سیل کر کے سرکاری گاڑیاں تحویل میں لینے کے اقدام کو غیر قانونی قرار دیا جائے، خیبرپختونخوا ہاؤس کو فوری ڈی سیل کرنے کا حکم دیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا اسمبلی میں سیکیورٹی کےاضافی انتظامات کر لئے گئے