(24 نیوز) الیسٹر کک کا ریکارڈ توڑ کر جو روٹ انگلینڈ کیلئے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے بلے باز بن گئے۔
انگلینڈ کے مڈل آرڈر بیٹر اور سابق کپتان جو روٹ نے ٹیسٹ کرکٹ میں انگلینڈ کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے کا قومی ریکارڈ اپنے نام کر لیا، پاکستان کے خلاف ملتان ٹیسٹ کے تیسرے روز، جو روٹ نے الیسٹر کک کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ اہم سنگ میل عبور کیا۔
جو روٹ نے جب اپنی اننگز کے 73 رنز بنائے تو ان کے مجموعی ٹیسٹ رنز 12,473 ہو گئے جس کے باعث وہ سابق انگلش کپتان الیسٹر کک کے 12,472 رنز سے سبقت لے گئے، اس کے ساتھ ہی روٹ انگلینڈ کے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔
جو روٹ نے حال ہی میں لارڈز میں سری لنکا کے خلاف 2 سنچریاں سکور کر کے کک کا سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ بھی توڑا تھا، اب وہ رنز کے اعتبار سے بھی انگلینڈ کے سب سے کامیاب بلے باز بن گئے ہیں۔
عالمی سطح پر جو روٹ 12 ہزار سے زائد رنز کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ کے پانچویں بڑے سکورر بن گئے ہیں، اس فہرست میں سابق بھارتی لیجنڈری بلے باز سچن ٹنڈولکر 15,921 رنز کے ساتھ پہلے، سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ 13,378 رنز کے ساتھ دوسرے، سابق لیجنڈری جنوبی افریقن آل راؤنڈر جیک کیلس 13,289 رنز کے ساتھ تیسرے اور سابق لیجنڈری بھارتی بلے باز راہول ڈریوڈ 13,288 رنز کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’’ملتان کی پچ باؤلروں کیلئے قبرستان ہے‘‘ سابق لیجنڈری انگلش بلےباز سیخ پا
اس سے قبل ملتان ٹیسٹ کے دوران جو روٹ نے ایک کیلنڈر سال میں 5 مرتبہ 1000 ٹیسٹ رنز بنانے والے ساتویں کھلاڑی کا اعزاز بھی اپنے نام کیا تھا۔