(24نیوز) ”گیلپ پاکستان” کی طرف سے کئے گئے سروے کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان عوام میں بدستور مقبول رہنما ہیں اور عوام کی اکثریت کی رائے میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
تفصیلا ت کےمطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کورونا سے نبردآزما ہونے کے حوالہ سے حکومت کی کارکردگی کو پاکستانیوں کی بھاری اکثریت تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ خارجہ امور،کرپشن کے خاتمہ اور غریب عوام کی فلاح و بہبود کیلئے حکومتی اقدامات سے بھی عوام کی اکثریت مطمئن ہے ۔حکومت کے تین سال مکمل ہونے پر اس کی کارکردگی سے متعلق عوام کی رائے جاننے کیلئے گیلپ پاکستان نے اگست 2021ء میں چاروں صوبوں میں سروے کیا۔
رپورٹ کے مطابق 48 فیصد سے زائد شہریوں نے حکومت کی تین سالہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے اچھا قرار دیا۔ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں وزیراعظم عمران خان زیادہ مقبول ہیں جہاں بالترتیب 74 اور 62 فیصد عوام وزیراعظم کی کارکردگی سے خوش ہیں۔
سروے رپورٹ کے مطابق معیشت کے میدان میں کارکردگی، کورونا کی صورتحال سے نمٹنے، خارجہ امور اور دیگر ممالک سے تعلقات کے حوالہ سے حکومتی حکمت عملی، کرپشن کے خاتمہ اور غریب عوام کی فلاح و بہبود کیلئے حکومتی اقدامات سے بھی عوام کی اکثریت خوش ہے اور حکومتی کارکردگی کو بہتر سمجھتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ڈاکٹر عا مر لیاقت کی خون میں لت پت تصویر ۔۔حقائق سامنے آگئے
سروے کے مطابق 10 میں سے 7 یعنی 70 فیصدپاکستانیوں کا خیال ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ سروے کے مطابق وزیراعظم عمران خان نوجوانوں میں زیادہ مقبول ہیں اور 30 سال سے کم عمر کے نوجوانوں کی اکثریت نے ان کی کارکردگی کو اچھا قرار دیا ہے۔
سروے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عوام کی اکثریت صوبائی حکومتوں کی کارکردگی سے بھی مطمئن ہے اور اسے بہتر سمجھتی ہے۔ بلوچستان حکومت کی کارکردگی کو 76 فیصد عوام سراہتے ہیں۔ سندھ اس فہرست میں سب سے نیچے ہے اور 50 فیصد عوام کا خیال ہے کہ ان کی صوبائی حکومت کی کارکردگی بہتر نہیں۔
سروے میں کہا گیا ہے کہ 45 فیصد عوام کی رائے میں حکومت کی اقتصادی کارکردگی اچھی ہے جبکہ 26 فیصد حکومتی کارکردگی کو بہتر نہیں سمجھتی۔ کورونا کی حوالہ سے حکومت کی کارکردگی سے پاکستانیوں کی بھاری اکثریت 69 فیصد خوش ہے، صرف 21 فیصد حکومتی کارکردگی سے مطمئن نہیں۔غریبوں کی امداد کے حوالہ سے 54 فیصد عوام حکومت کی کارکردگی کو اچھا سمجھتے ہیں۔ خارجہ امور کے محاذ پر 58 فیصد شہریوں کا خیال ہے کہ حکومت نے دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات کے حوالہ سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
سروے رپورٹ کے مطابق 48 فیصد پاکستانی کرپشن کے خلاف حکومتی اقدامات کو سراہتے ہیں البتہ 40 فیصد کے خیال میں یہ اقدامات کافی نہیں۔