(مانیٹرنگ ڈیسک) ٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے جنوبی افریقہ نے اپنی 15 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ جنوبی افریقہ کی سلیکشن کمیٹی نے اپنے تین انتہائی تجربہ کار ٹی 20 کھلاڑیوں کو ٹیم میں منتخب نہیں کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق17 اکتوبر سے شروع ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے جنوبی افریقہ نے 15 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے ، ٹیم میں سابق کپتان فاف ڈو پلیسی ، لیگ سپنر عمران طاہر اور آل راؤنڈر کرس مورس جیسے لیجنڈ کھلاڑیوں کے نام شامل نہیں۔ فاف ڈو پلیسی نے گزشتہ ہفتہ 4 ستمبر کو کیریبین پریمیئر لیگ میں سینٹ کٹس کے خلاف 120 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی ۔
جبکہ عمران طاہر نے سی پی ایل میں گیانا ایمیزن واریئرز کے لئے 8 میچوں میں 11 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں اور وہ سب سے زیادہ وکٹیں لینے کے معاملہ میں چوتھے نمبر پر ہیں۔ آل راؤنڈر کرس مورس جو کہ آئی پی ایل میں 16.25 کروڑ روپے میں فروخت ہوئے تھے ان کو بھی ٹیم میں جگہ نہیں دی گئی ۔سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں شاندار سنچری بنانے والے اوپنر بیٹسمین یانیمن ملان بھی جنوبی افریقہ کی ٹی 20 ورلڈ کپ ٹیم میں اپنی جگہ نہیں بنا سکے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم میں ٹیمبا باوما ، کیشو مہاراج ، کوئنٹن ڈی کاک ، جان فارٹوئن ، ریزا ہینڈرکس ، ہینرک کلاسین ، ایڈن مارکرم ، ڈیوڈ ملر ، میولڈر ، لنگی اینگڈی ، اینریک نارکھیا ، ڈریوین پریٹوریس ، کگیسو ربادا ، تبریز شمسی ، راسی وین ڈیر دوساں کے نام شامل ہیں، جبکہ سپن بالر جارج لنڈے ، آل راؤنڈر اینڈیلے فیہلکوائے اور لیزاڈ ولیمس کو ریزرو کھلاڑیوں کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔
جنوبی افریقہ نےٹی20 ورلڈ کپ کیلئے15 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا
Sep 09, 2021 | 23:04:PM