مہنگے آئی پی پیز معاہدوں کے ذمہ داران کا سرعام احتساب ہونا چاہئے, سراج الحق

Sep 09, 2023 | 00:03:AM

This browser does not support the video element.

(24 نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ مہنگے آئی پی پیز معاہدوں کے ذمہ داران کا سرعام احتساب ہونا چاہئے۔ 
رحیم یار خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا گزشتہ پانچ برس عوام کیلئے مشکل ترین دور تھا، اس دوران قومی وحدت تار تار ہوئی، نفرتوں کے بیج بوئے گئے، نوجوانوں کو مایوسی کی دلدل میں دھکیلا گیا، معیشت و امن و امان تباہ ہوا، مہنگائی اور بےروزگاری کا طوفان آیا، ادارے کمزور ہوئے، انصاف اور قانون کی دھجیاں اڑائی گئیں۔ 
ان کا کہناتھا کہ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی سابقہ حکومتوں نے آئی ایم ایف سے مرضی کے معاہدے کرکے عوام کو ہتھکڑیاں پہنائیں،پالیسیوں کا تسلسل تاحال ہے، بجلی کے بل موت کے پروانے بن گئے، چینی ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈبل سنچری کراس کر گئی، زرعی ملک میں اجناس کی نایابی اور آسمان سے باتیں کرتیں قیمتیں مافیاز، ذخیرہ اندوزوں اور سمگلروں کا کیا دھرا ہے، جنہیں ہر حکومت کی پشت پناہی حاصل ہوتی ہے، مافیاز سیاسی پارٹیوں پر سرمایہ کاری کرتے ہیں اور ان کے اقتدار میں آنے کے بعد کئی گنا وصول کیا جاتا ہے، لوٹ مار کیلئے عوام کی گردن دبوچی جاتی ہے، یہ سلسلہ 75برسوں سے جاری ہے، قوم مزید ظلم برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں۔ 
امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ قرضوں کی معیشت اور سودی نظام کے ہوتے ہوئے بہتری نہیں آ سکتی، عوام کو ریلیف دیا جائے، بجلی کے ٹیرف میں فی الفور کمی کا مطالبہ کرتے ہیں، اشیائے خورونوش اور پٹرول کی قیمتیں کم کی جائیں، جماعت اسلامی عوام کے حقوق کی آواز اور ملک کی امید ہے، ہم ہرحال میں پرامن احتجاجی تحریک جاری رکھیں گے تاوقتیکہ کہ عوامی مطالبات پورے نہ ہوں، ہماری جدوجہد کی منزل اسلامی فلاحی پاکستان ہے۔
ان کا کہناتھا کہ جنوبی پنجاب میں ترقی و خوشحالی لائیں گے، علاقہ کے عوام کو نام نہاد بڑی سیاسی پارٹیوں، ظالم جاگیرداروں نے دھوکا دیا، جنوبی پنجاب کا کسان پریشان ہے، زرعی لحاظ سے مالامال علاقہ محرومیوں کی آماجگاہ بن گیا۔ جنوبی پنجاب کے عوام حقیقی تبدیلی کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ 

یہ بھی پڑھیں: ملکی صنعتوں کی بحالی کیلئے خوشخبری آنیوالی ہے، ڈاکٹر گوہر اعجاز

مزیدخبریں