(حسنین محی الدین)ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان 10 ستمبر کو گھمسان کی جنگ ہونے جارہی ہے جسے لیکر کرکٹ شائقین کیساتھ ساتھ سابق کرکٹ سٹار بھی کافی پرجوش ہیں ۔
راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور دنیا کرکٹ کے سب سے تیز گیند باز پاکستانی سٹار شعیب اختر پاکستان اور بھارت کا میچ دیکھنے کیلئے کولمبو پہنچ گئے ہیں ، کولمبو ایئر پورٹ پر اترنے کے بعد انہوں نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ملک اور یہاں کے لوگ بہت اچھے ہیں اور سب سے اہم بات یہاں کا موسم بھی بہترین ہے اس لیے بچ کے رہنا پاکستان سے ۔
دوسری جانب آئی سی سی ایشیا کرکٹ کی جانب سے بھی کرکٹ شائقین کو موسم کے حوالے سے خوشخبری سنائی گئی ہے کہ بالآخر 8 دن بعد بارش رکنے کے بعد کولمبو میں سورج نکل آیا ہے ۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کےد رمیان ون ڈے ایشیا کپ کا گروپ میچ بارش کے نذر ہو گیا تھا ، لیکن اس میچ میں پاکستانی فاسٹ بولرز کی برق رفتار گیندوں نے بھارتی سورماؤں کو چکرا کے رکھ دیا ، بھارت کے اوپننگ بلے باز ایک بار پھر سے شاہین شاہ آفریدی کی دہشت سے کریز پر کانپتے رہے تو نسیم شاہ نے بھی اپنی ان سوئنگ اور آوٹ سوئنگ گیندوں سے بھارتی بلے بازوں کو تگنی کا ناچ نچائے رکھا، پاکستان کی فاسٹ بولنگ کی دہشت بھارتی بلے بازوں کی آنکھوں سے جھلکتی رہی اور ان پھر ان پر سوشل میڈیا پر خوب میمز بھی بنیں ۔
بھارتی بلے باز48.5 اوورز میں 266 رنز بنا کر پوئلین لوٹ گئے، پاکستانی گیند بازوں نے اس میچ میں اہم ریکارڈ اپنے نام کیا ایشیا کپ ہسٹری میں پہلی بار کسی بھی ٹیم کے فاسٹ بولرز نے تمام 10 وکٹیں حاصل کیں ، لیکن خوش قسمتی سے بارش نے بھارت کو بری ہار سے بچا لیا اور پاکستانی بلے بازوں کو میدان میں اترنے کا موقع ہی نہ ملا ، اس طرح دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:ایشیا کپ ، ٹاپ بولرز کی فہرست میں پہلی تین پوزیشنز پر پاکستانی پیسرز کا قبضہ
اب پاکستان اور بھارتی ٹیم ایک بار پھر آمنے سامنے آنے والی ہے جس کیلئے ہر کوئی پرجوش ہے، لیکن کولمبو میں موسم کی صورتحال نے کرکٹ شائقین کو پریشان کر رکھا ہے ، لیکن اے سی سی آئی کی جانب سے اچھی خبر سنائی گئی ہے کہ اگر اس دن بارش کے باعث میچ مکمل نہ ہوا تو اگلے روز میچ وہیں سے شروع کیا جائیگا جہاں پر ختم ہو گا۔