(24نیوز)انتخابات کا معاملہ،پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی(سی ای سی ) کا اجلاس آئندہ ہفتے لاہور میں طلب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری آئندہ ہفتے لاہور پہنچیں گے ، سی ای سی کے اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر رہنما اور ممبران شریک ہونگے، اجلاس میں الیکشن کمیشن سے مقررہ وقت میں انتخابات کروانے کے حوالے سے تجاویز پیش کی جائیں گی جبکہ بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی لاہور اور پنجاب میں پارٹی کی سیاسی اور عوامی صورتحال کا جائزہ بھی لیں گے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی لاہور اور پنجاب کی سطح پر چند اہم تبدیلیاں بھی متوقع ہیں، بلاول بھٹو زرداری لاہور میں قیام کے دوران تنظیمی عہدیداروں سے ملاقاتیں اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک ہے تو ہم سب ہیں، سیاست کی بجائے معیشت کی فکر پہلے کرنی چاہئے: آصف علی زرداری
دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری کراچی سے روانہ ہو گئے، اگلی منزل ٹھٹہ ہوگی،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پی پی پی سندھ کے ریکارڈ اینڈ ایونٹ سیکرٹری عبدالواحد سومرو سے مکلی میں ان کی رہائش گاہ پر تعزیت کریں گے،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ٹھٹہ سمیت قافلے کی گزرگاہوں پر جگہ جگہ فقیدالمثال استقبال ہوگا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بدین میں ڈاکٹر سکندر میندھرو کی رہائش گاہ پر ان سے تعزیت کریں گے،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا بدین شہر میں تاریخی استقبال ہوگا جس کے بعد وہ حیدرآباد کے لئے روانہ ہوجائیں گے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا حیدرآباد کے فتح چوک پر عوام اور کارکنان کی جانب سے استقبال ہوگا،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج حیدرآباد میں قیام کریں گے جبکہ اگلے روز حیدرآباد میں پانی کے ایک منصوبے کا افتتاح ہوگا۔