شاہین شاہ آفریدی کی طوفانی گیند بازی سے کیسے بچا جائے؟ بھارتی بلے بازوں نے حل نکال لیا

Sep 09, 2023 | 16:11:PM

(ویب ڈیسک) پاکستانی بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی  بھارت کے خلاف پہلے میچ میں طوفانی گیند بازی کے باعث  بھارتی سورماؤں کے اعصاب پر سوار ہیں،جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سپر فور  مرحلے میں میچ سے ایک روز قبل بھارتی بلے بازوں نے شاہین سے نمٹنے کیلئے بائیں ہاتھ کے تھرو باولر سپیشلسٹ نوان سنیوی رتنے  کی خدمات حاصل کر لی ہیں ۔

 تفصیلات کے مطابق ایشیاء کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کا میچ کل کولمبو میں شیڈول ہے، پاکستانی باولر شاہین شاہ آفریدی اس وقت بھارتی بیٹرز کے اعصاب پر سوار ہو گئے ہیں، نئی گیند سے حریفوں کے ٹاپ آرڈر کا صفایا کرنے والے شاہین شاہ آفریدی  کی طوفانی گیند بازی سے نمٹنے کیلئے بھارتی بلے بازوں نے خصوصی انڈور پریکٹس کی جہاں بائیں ہاتھ کے تھرو باولر  سپیشلسٹ نوان سنیوی رتنے  نے بھارتی بلے بازوں کو پریکٹس کرائی۔

پریکٹس کے دوران انھوں نے ایک ایسا آلہ بھی استعمال کیا جو ان اور آؤٹ سوئنگ کی نشاندی کرتا رہا، ڈیٹا اینالسٹ ہری پرساد موہن مسلسل ویڈیوز بناتے رہےاور کھلاڑیوں کے فٹ ورک پر خصوصی توجہ دی انہوں نے بلے بازوں کی ایک ایک حرکت نوٹ کی اور غلطیوں کی نشاندہی کرتے رہے۔

نووان سینی ویراتنے کون ہیں؟

نووان سینی ویراتنے سری لنکا کے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر ہیں، جو کافی عرصہ سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کوچنگ سٹاف کا حصہ بھی  رہے  وہ سری لنکن اے ٹیم کے فیلڈنگ کوچ اور بائیں ہاتھ کی تھرو کیلئے  بہت مشہور ہوئے، سابق سری لنکن چیف سلیکٹر اشانتھا نے ایک حالیہ پروگرام میں نشاندہی کی کہ ’’نووان ‘‘ انتہائی آسانی کے ساتھ بلے باز وں پر 175 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تھرو ڈاؤن کر سکتے ہیں ۔

اطلاعات کے مطابق  نووان کی بائیں ہاتھ سے برق رفتار تھرو اور اس دوران ان سوئنگ آوٹ سوئنگ  صلاحیت  بلے بازوں کو کسی بھی تیز رفتار گیند باز کے خلاف  تیاری کیلئے انتہائی اہم سمجھی جاتی ہے،یہی وجہ ہے کہ  2021 کے دورہ آسٹریلیا سے قبل سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی خصوصی درخواست پر  بھارتی کرکٹ بورڈ نے انہیں ویرات کے کل وقتی تھرو ڈاؤن  ماہر کے طور پر بھرتی کیا تھا۔

اب اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ  بھارتی بلے بازوں نے ان کی دوبارہ سے خدمات حاصل کی ہیں تا کہ شاہین شاہ آفریدی کی ان سوئنگ آوٹ سوئنگ ہوتی برق رفتار گیندوں کا سامنا کیا جا سکے ۔

بھارتی بلے باز شبھمان گل نے سب سے طویل سیشن کیا، شریاس آئر نے ایک گھنٹے سے زائد وقت پریکٹس کی، انجری سے نجات کے بعد کم بیک کیلیے کوشاں لوکیش راہول نے بھی خوب پسینہ بہایا،انھوں نے خصوصی طور پر تھرو بولر کو کم فاصلے سے گیندیں کرنے کیلیے کہا تاکہ پاکستانی پیسرز کا سامنا کرتے ہوئے دشواری نہ ہوا .

واضح رہے کہ اس سیشن کیلیے ٹیم مینجمنٹ نے تمام کھلاڑیوں کو انڈور نیٹ میں نہیں بلایا تھا، ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ اور بیٹنگ کوچ وکرم راٹھور خصوصی ٹریننگ کو دیکھنے کے بجائے الگ نیٹس میں آل راونڈرز اور ٹیل اینڈرز کی پریکٹس کو جانچتے رہے .

مزیدخبریں