(24نیوز) سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہےجس میں اُبھرتی ہوئی اداکارہ حرا خان نے حیران کُن انکشاف کیا ہے کہ ڈرامے میں رول کے لیے کاسٹنگ ڈائریکٹر نے چھوٹے اور بولڈ کپڑوں میں ملنے کا مطالبہ کیا۔
ویڈیو کلپ میں حرا خان بتاتی ہیں کہ ان کی ساتھی اداکارہ نےانہیں ایک ڈائریکٹر کے بارے میں بتایا کہ اس کو اپنے نئے ڈرامے کے لیے کاسٹ کی ضرورت ہے، یہ کافی مشہور کاسٹنگ ڈائریکٹر ہیں تو تم ان کے ڈرامے کے لیے آڈیشن دو۔جس پر میں نے ڈائریکٹر کا نمبر لیا تاکہ میں اُنہیں اپنا کام دِکھا سکوں کیونکہ کام دیکھ کر ہی اداکاروں کو کاسٹ کیا جاتا ہے۔
حرا خان نے ڈائریکٹر کا نام ظاہر کیے بغیر کہا کہ جب میں نے ڈائریکٹر سے رابطہ کیا تو اُنہوں نے مجھ سے میرا کام نہیں مانگا بلکہ سیدھا آڈیشن کے بہانےملنے کے لیےاکیلے بُلا لیا۔ میں نے ڈائریکٹر سے کہا کہ میں دوپہر کے تین بجے آڈیشن کے لیے آجاؤں گی جس پر اُنہوں نے کہا کہ آپ نے آڈیشن کے لیے رات 11 بجے آنا ہے اور آڈیشن کے لیے مختصر بولڈ لباس پہننا ہے، ڈانس بھی کر کے دکھانا ہوگا۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ میں ڈائریکٹر کی بات سُن کر حیران رہ گئی تھی، میں نے اُن سے کہا کہ میں سکرین پر بولڈ لباس نہیں پہنتی اور نہ ہی اتنی رات کو آڈیشن کے لیے جاتی ہوں جس پر اُنہوں نے کہا کہ آپ بےفکر رہیں، یہ پرائیوٹ آڈیشن صرف پروڈیوسرز اور ہم ہی دیکھیں گے، اس کے علاوہ کوئی نہیں دیکھے گا،جس پر میں نے اُنہیں صاف انکار کرکے فون بند کردیا۔