قاضی فائز عیسی کو دوبارہ مسلط کیا گیا تو تاریخ کی بھرپور سٹریٹ موومنٹ شروع کریں گے: عمران خان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(حاشر احسن) بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کہا ہے کہ اگر قاضی فائز عیسیٰ کو دوبارہ مسلط کیا گیا تو ملکی تاریخ کی بھرپور سٹریٹ موومنٹ شروع کریں گے، قاضی فائز عیسی ملکی تاریخ کا ایک جانبدار ترین جج ہے، سپریم کورٹ ایک ہی ادارہ بچا ہے جس کی تباہی کی کوشش ہو رہی ہے۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی عمران خان نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ 22 اگست کا جلسہ اسٹیبلشمنٹ کی درخواست پر ملتوی کیا، اعظم سواتی صبح 7 بجے میرے پاس آئے اور کہا اسٹیبلشمنٹ نے بھیجا ہے، اعظم سواتی نے پیغام دیا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ نے درخواست کی کہ ملک کی خاطر جلسہ ملتوی کریں، اسٹیبلشمنٹ نے ضمانت دی تھی کہ 8ستمبر جلسہ میں مکمل سہولت فراہم کریں گے، اسی پیغام پر پاکستان کی خاطر 22 اگست کا جلسہ ملتوی کیا۔
بانی پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ مجھے پیغام دیا گیا تھا ایک جانب کرکٹ میچ ہو رہا ہے تو دوسری جانب مذہبی جماعتوں کا اسلام آباد میں احتجاج ہے، ملک میں انتشار پھیل سکتا ہے، گارنٹی دی گئی تھی کہ جلسے کے لیے این او سی دیا جائے گا اور سہولیات فراہم کی جائیں گی، جلسے کو روکنے کے لیے کنٹینرز لگائے گئے اور رکاوٹیں کھڑی کی گئی اور پھر کہا گیا کہ 7 بجے جلسہ ختم کریں۔
چیف جسٹس پاکستان کی تعیناتی سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قاضی فائز عیسیٰ کو دوبارہ مسلط کیا گیا تو ملکی تاریخ کی بھرپور سٹریٹ موومنٹ شروع کریں گے، قاضی فائز عیسی ملکی تاریخ کا ایک جانبدار ترین جج ہے، سپریم کورٹ ایک ہی ادارہ بچا ہے جس کی تباہی کی کوشش ہو رہی ہے، فراڈ الیکشن کو بچانا چاہتے ہیں انتخابی دھاندلیوں کے کھلنے سے ڈرے ہوئے ہیں، راولپنڈی کے کمشنر نے کہا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر اور چیف جسٹس ملے ہوئے تھے، 9 مئی کی جوڈیشل انکوائری بھی اسی لیے نہیں ہو رہی کیونکہ قاضی ان کے ساتھ ملا ہوا ہے۔
نیب ترامیم پر بات کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ نیب ترامیم کے ذریعے این ار او دے کر منی لانڈرنگ جائز قرار دے دی گئی ہے، اب ان کو کوئی ہاتھ بھی نہیں لگا سکتا، نیب ترامیم بحالی اب قانون بن چکا ہے، یہ قانونی معاملہ ہے، آمدنی سرمایہ کاری سے بڑھتی ہے اور تاریخ کی سب سے کم سرمایہ کاری پاکستان میں ہوئی ہے، پاکستان میں قانون کی بالادستی کے بغیر سرمایہ کاری نہیں آ سکتی، وہ تمام ممالک خوشحال ہیں جہاں قانون کی حکمرانی ہے، سنگاپور لاہور سے آدھا ہے اور وہاں 140 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی، پاکستان میں قانون کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں تمام اداروں کو ایک جماعت ختم کرنے پر لگا دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نیب نے عمران خان کیخلاف نیا توشہ خانہ کیس واپس لے لیا
سمندر پار پاکستانیوں سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بیرون ملک پاکستانیوں کی سرمایہ کاری سے بچے گا، بیرون ملک مقیم پاکستانی سرمایہ کاری کریں تو قرضوں کی ضرورت نہیں پڑے گی، بیرون ملک مقیم پاکستانی اس وقت سرمایہ کاری کریں گے جب ملک میں قانون کی بالادستی ہوگی، پاکستان وہ ملک ہے جہاں ہر چیز میں سرمایہ کاری ہو سکتی ہے، بیرون ملک مقیم 17 ہزار پاکستانی فزیشنز کی اثاثوں کی مالیت 200 ارب ڈالر ہے۔
اپنے دورے حکومت پر بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہمارے دور میں 6.2 فیصد کا گروتھ ریٹ تھا، ایکسپورٹس بڑھ رہی تھیں، اگر میں نے مقدمات سے ریلیف لینا ہوتا تو ملک سے بھاگ جاتا، مجھے یہی کہا گیا تھا کہ3 سال خاموش رہو مقدمات ختم ہو جائیں گے۔