ریڈ لِسٹ: پابندی عمل میں آنے سے قبل پی آئی اے نے تمام مسافر برطانیہ پہنچا دیئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)قومی ایئر لائن نے بڑا کارنامہ انجام دیتے ہوئے برطانوی ریڈ لِسٹ میں شامل پاکستان سے تمام مسافروں کو پابندی عمل میں آنے سے قبل برطانیہ پہنچا دیا۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی ریڈ لسٹ میں پاکستان بھی شامل ہے، پی آئی اے نے سفری پابندی لگنے سے پہلے 3600 سے زائد مسافروں کو برطانیہ پہنچا دیا ہے، قومی ایئر لائن نے 13 چارٹرڈ پروازوں کے ذریعے مسافروں کو برطانیہ پہنچایا۔
پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ ایئر لائن نے پابندی سے قبل ہی برطانیہ جانے والی طلب کو پورا کر دیا ہے، اور سی ای او پی آئی اے کی ہدایت پر بطور قومی فریضہ مسافروں کو برطانیہ پہنچایا گیا۔
ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان نے کہا ایئر لائن نے آئرلینڈ، پرتگال، اور اردنی کمپنیوں سے چارٹرڈ طیارے حاصل کیے، یورپی یونین کی جانب سے عائد پابندیوں کے سبب پی آئی اے نے تمام آپریشن اپنے جہازوں کی بجائے چارٹر جہازوں سے کیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی ایئر لائنز نے پاکستان سے برطانیہ جانے والے مسافروں سے من مانے کرائے وصول کیے، ساڑھے 4 لاکھ روپے سے لے کر 6 لاکھ تک میں ٹکٹ فروخت کیے گئے، جب کہ پی آئی اے نے صرف 2 لاکھ 55 ہزار روپے میں ٹکٹ فروخت کیے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے ان چارٹرڈ پروازوں کے ذریعے 70 کروڑ روپے کا ریونیو حاصل کیا۔