شیرنی نے ڈسکہ کا میدان مار لیا

Apr 10, 2021 | 09:01:AM
شیرنی نے ڈسکہ کا میدان مار لیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)پاکستان مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ضمنی انتخابات میں میدان مار لیا، فتح کے بعد لیگی کارکنان نے جشن منایا جبکہ قیادت نے امیدوار نوشین افتخار کو کامیابی پر مبارک باد بھی دی۔
تفصیلات کے مطابق ضمنی انتخاب کا غیر سرکاری اور غیر حتمی نتیجہ سامنے آگیا ،تمام360پولنگ سٹیشنز کےغیرحتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کی نوشین افتخار ایک لاکھ 10ہزار 75ووٹ لے کر کامیاب قرار پائی ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے علی اسجد ملہی93433ووٹ لے کر ناکام رہے، مسلم لیگ ن کو پی ٹی آئی پر16642ووٹوں کی برتری حاصل ہوئی۔تحریک لبیک پاکستان کے خلیل سندھو نے 8ہزار 268ووٹ لئے۔
حلقے میں دو لاکھ 12ہزار 361 ووٹ ڈالے گئے ، ایک ہزار 702ووٹ خارج ہوئے ۔ کاسٹ ہونے والے ووٹوں کی شرح 43اعشاریہ 33فیصد رہی۔

حلقے میں پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا اور پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک بغیر وقفے کے جاری رہا۔ دونوں امیدواروں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ دیکھا گیا پولنگ ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کی گئی اس موقع پر دونوں امیدواروں کے ووٹروں میں بھی کافی گہما گہمی دکھائی دی۔حلقے میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے، 40 پولنگ سٹیشنوں کو حساس قرار دیا گیا تھا، پولیس کے ساتھ رینجرز اہلکاروں کو بھی تعینات کیے گئے تھے۔
حلقے میں کل ووٹرزکی تعداد4 لاکھ 94ہزار ہے جن کیلئے360 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے۔ الیکشن میں سیکیورٹی کیلئے پولیس کے 4100 سے زائد اور رینجرز کے ایک ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے، اس کے علاوہ پاک فوج کی 10 ٹیمیں کوئیک رسپانس فورس کے طورپر موجود رہیں۔ضمنی الیکشن کے موقع پر حلقے میں دفعہ 144 نافذ ہے جس کے باعث لائسنس یا بغیر لائسنس یافتہ اسلحہ کی نمائش کی اجازت نہیں ہے۔
واضح رہے کہ عام انتخابات 2018 میں (ن) لیگ کے افتخار الحسن عرف ظاہرشاہ کامیاب ہوئے تھے اور ان کی وفات کے بعد یہ نشست خالی ہوئی۔