بلیک میلر نہیں ، وزیراعظم ہماری بات سنیں : راجا ریاض
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)تحریک انصاف کےرکن قومی اسمبلی راجہ ریاض اور رکن صوبائی اسمبلی نذیر چوہان کا کہنا ہے کہ ہم جتنے دوست اکٹھے ہیں یہ بلیک میلنگ نہیں کررہے۔خان صاحب آپ وزیراعظم اور ہمارے قائد ہیں، ہماری بات سنیں۔
جہانگیر ترین کے ہمراہ پیشی پر آئے تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سازش کرکے جہانگیر ترین کیخلاف مقدمات بنائے گئے۔ ہم پی ٹی آئی حکومت اور عمران خان کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔ خان صاحب آپ سے اپیل ہے کہ سوچیں۔
راجہ ریاض نے دعویٰ کیا کہ 22 ایم پی ایز اور 8 ایم این ایز آج جہانگیر ترین کے ہمراہ یکجہتی کیلئے عدالت آئے ہیں ۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رکن صوبائی اسمبلی نذیر چوہان کا کہنا تھا کہ قائد عمران خان ہے،ہم جہانگیر ترین کیساتھ ہیں۔کوئی رعایت نہیں مانگ رہے، عدالتوں کیلئے حاضر ہیں۔ہم سن رہے ہیں کہ گروپ بن گیا ہے، ایسی کوئی بات نہیں۔ایسا نہ سمجھا جائے کہ ہم کسی ایجنڈے پر کام کررہے ہیں۔ہم دھرنے کے دنوں میں بارش میں بھی آپ کے ساتھ تھے۔نذیر چوہان نے مزید کہا کہ ہماری جدوجہد سے ہی آج حکومت بنی ہے۔فارورڈ بلاک بننے کی بات میں کوئی حقیقت نہیں۔
ہمیں غیر نہ سمجھا جائے۔وزیراعظم ہمارا موقف سن کر فیصلہ کریں کون جماعت میں دراڑ ڈال رہا ہے۔خان صاحب آپ نے ہی کہا تھا جب حق پر کوئی ہو تو اس کا ساتھ دو۔رکن اسمبلی نے مزید کہا کہ عمران خان صاحب آپ کے دائیں بائیں بیٹھے لوگ سازشیں کررہے ہیں۔ آپ کے گرد بیٹھے لوگ بھاگ جائیں گے۔عمران خان سے کچھ نہ کہیں تو پھر کس سے کہیں۔
رکن اسمبلی نعمان لنگڑیال نے کہا کہ جو لوگ اس پارٹی کو کمزور کرنا چاہتے ہیں وہ ملک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں،جہانگیر ترین نےہمیں پی ٹی آئی میں شامل کرایا اور عزت دلائی،میری اپیل ہے پی ٹی آئی کے دوست جہانگیر ترین کو مضبوط کریں۔ہم جہانگیرترین کی مدد کریں گے،ساتھ چلیں گےاورپارٹی کومضبوط کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ایف آئی آر کہاں تیار ہوئی ؟ لاہور کیسے آئی ؟ جہانگیر ترین نے اپنے خلاف ہونے والی سازش کا خلاصہ کردیا