(24 نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ 1973کا متفقہ آئین ہمارے قومی اتحاد و یکجہتی کی ضمانت ہے،پیپلزپارٹی جمہوری نظام کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت میدان میں کھڑی ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے قومی کامیابی کو عملی جامہ پہنایا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے یوم دستور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دستور پر من و عن عملدرآمد ملک کے روشن مستقبل کی جانب بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔آئین کی پاسداری پاکستان کی سربلندی کی راہ ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ 1973ع کا متفقہ آئین ہمارے قومی اتحاد و یکجہتی کی ضمانت ہے،قیام پاکستان کے بعد 1973 کا آئین قوم کیلئے سب سے نمایاں سیاسی کامیابی تھی۔
انہوں نے کہا کہ قوم کی اس بڑی کامیابی کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کے تدبر نے عملی جامہ پہنایا،1973کے آئین کی حفاظت کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت و کارکنان نے قربانیاں دیں ہیں۔دستور کی توقیر کی خاطر پیپلز پارٹی کی قیادت و کرکنان نے جانوں کے نذرانے دیئے۔ قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے دورِ حکومت اور ویژن نے دستور کو دورِ آمریت کی الائشوں سے پاک کیا۔صدر آصف علی زرداری نے اٹھارویں ترمیم کے ذریعے 1973ع کے آئین کو اصل شکل میں بحال کیا۔1973ع کے آئین کے متعلق یک رائے ہونے پر قوم کو سلام پیش کرتا ہوں۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی 1973ع کے آئین اور اس کی روشنی میں پارلیمانی جمہوری نظام کی حفاظت کیلئے پرعزم اور ہمہ وقت میدان میں کھڑی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :بلا چلے گا یا شیر دھاڑے گا ؟ این 75 کا ضمنی انتخاب، پولنگ جاری