دولت کے پجاریوں نے عوام کی امیدوں اور ارمانوں کا خون کر دیا، سراج الحق

Apr 10, 2021 | 21:56:PM

(24نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ حکمرانوں نے سیاست کو کاروبار بنایاہواہے۔ مافیاز کا راج ہے جو فیصلہ سازی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،دولت کے پجاریوں نے عوام کی امیدوں اور ارمانوں کا خون کر دیاہے ،ملک آگے کی بجائے پیچھے کی جانب جارہاہے، پاکستان دنیا کے ان چار بڑے ممالک میں شامل ہے جو آئی ایم ایف سے سب سے زیادہ قرضہ لے رہے ہیں،اب تک لیے گئے قرض کا آڈٹ ہوناچاہیے، جن جن سرمایہ داروں اور وڈیروں نے قرضے معاف کروائے ، ان کا بھی حساب ہونا چاہیے،تحریک انصاف کی حکومت سے بہتری کی کوئی توقع نہیں، کرپشن نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کردی ہیں، بیڈ گورننس ، مہنگائی ، بے روزگار ی موجودہ حکومت کے ٹریڈ مارکس ہیں ،سیاسی جماعتیں ون مین شو اور فیملی پالیٹکس کو ترک کر کے اپنے اندر جمہوریت لائیں،اداروں میں ریفارمز متعارف کیے بغیر کوئی چارہ نہیں،قانون کا تقاضا ہے کہ سبھی ادارے اپنی اپنی حدود میں کام کریں،پارلیمنٹ کی بالادستی مقدم، مگر حکومتوں نے اسے اکھاڑہ کے طور پر استعمال کیا ، عدالتوں ، تعلیمی اداروں ، نظام زندگی میں اللہ کا نظام متعارف کرواناہوگا ،دین ہی فلاح کا راستہ ہے ،عوام اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لیں تو کامیابی ان کے قدم چومے گی۔ پاکستان کی بقا اور سلامتی قرآن وسنت میں ہے۔
 ثمر باغ میں دیر بالا و دیر زیریں کے اراکین جماعت اور ورکرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ عوام کی گردنوں پر سوار اشرافیہ اور ان کے حواری اگرچہ گنے چنے ہیں مگرانہوں نے ملک کی نوے فیصد سے زیادہ دولت اور وسائل پرقبضہ کیاہواہے،دو فیصد جاگیرداروں نے98 فیصد چھوٹے کسانوں کے وسائل کو ہڑپ کر رکھاہے ،چند بڑے سرمایہ دار چھوٹے کاروباری طبقہ اور تاجروں کے حقوق کو ہڑپ کر کے بیٹھے ہیں،غریب اور امیر کی اس تفریق کو ختم کرنے کے لیے ملک میں اسلامی اقدار پر مبنی پائیدار جمہوریت کی ضرورت ہے، الیکشنزریفارمز ہوں گی تو ملک آگے بڑھے گا ،طاقت اور دولت کے زور پر سسٹم کو زیر کر کے اقتدار پر قبضہ کرنے والوں کو روکنا ہوگا،ایک ایسا نظام وضع کرنے کی ضرورت ہے جس میں دولت نہیں کردار اور اہلیت کی بنیاد پر لوگ آگے آئیں،غریب کا بچہ یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کر سکے اور وہ بھی الیکشن میں حصہ لے کر پارلیمنٹ میں جاسکے۔
انہوں نے کہاکہ ملک میں تین بڑی سیاسی جماعتوں اور مارشل لا کے ادوار سے یہی نتیجہ اخذ ہوا ہے کہ ان تمام لوگوں میں عوام کے مسائل حل کرنے کی یا تو صلاحیت نہیں یا پھر یہ لوگ جان بوجھ کر لوگوں کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھنا چاہتے ہیں ،پاکستان کے عوام کی خواہش ہے کہ انہیں اسلامی نظام ملے مگر سیکولرازم کے پیروکار وں اور مغرب کے ایجنٹوں نے سازشوں کے ذریعے انہیں اسلامی نظام سے محروم رکھا ،جماعت اسلامی ان سازشوں کا قلع قمع کرے گی اور عوام کو اللہ کے نظام کے نفاذ کے لیے متحد کرے گی ،پاکستان کو عظیم مملکت بنانے کے لیے ہماری جدوجہد ضرور کامیاب ہوگی۔ پاکستان کو اسلام کا قلعہ بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: پہلی سے پانچویں جماعت کے طلبا کیلئے تعلیمی نصاب کیسا ہوگا؟

مزیدخبریں