علی محمد اسمبلی سےعمران خان کی کونسی نشانی اپنے ساتھ لے گئے؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) سابق حکومت کے وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور کی ذمہ داریاں نبھانے والےعلی محمد خان نے بتایا ہے کہ میں وزیر اعظم کی سیٹ پر موجود تقسیمی نمبر ساتھ لے جا رہا ہوں جسے میں اپنے پاس محفوظ رکھوں گا۔
تفصیلات کے مطابق علی محمد خان ایوان سے جاتے وقت اپنے لیڈر عمران خان سے منسلک ایک چیز ساتھ لے گئے اور انہوں نے کہا کہ وہ یہ تب ہی واپس کریں گے جب عمران خان دوبارہ وزیر اعظم کے عہدے پر فائز ہوں گے۔
گزشتہ روز سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہوئی اور 174 ارکان نے عدم اعتماد کی قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔اس موقع پر جہاں تمام حکومتی اراکین ایوان سے چلے گئے وہاں واحد شخص علی محمد خان ایوان میں بیٹھے رہے، انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ وہ عمران خان کی یادگار کے طور پر ایک چیز لے جا رہے ہیں۔
علی محمد خان نے لکھا کہ ہر ممبر قومی اسمبلی کی اسمبلی سیٹ پہ اس کا تقسیمی نمبرہوتا ہے، وزیراعظم عمران خان کی وزیراعظم کی سیٹ پہ موجود یہ تقسیمی نمبر ساتھ لے آیا ہوں، وہاں نہیں چھوڑا۔ انہوں نے مزید لکھا کہ اس کو اپنے پاس محفوظ کرلیا ہے اور جب خان صاحب دوبارہ وزیراعظم بنیں گے تو اپنے ہاتھ سے یہ دوبارہ لگاؤں گا انشاءاللّٰہ۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے آخری کام کیا کیا؟