(24نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس شروع ہو گیا۔
اجلاس میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلیٰ ، گورنرز اور پارٹی کی سینئر قیادت شریک ہے ، اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور اس سے متعلق حکمت عملی کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا کہ نئے وزیر اعظم کیلئے پی ٹی آئی کا امیدوار کون ہوگا ، اجلاس میں ملک بھر میں پر امن احتجاج سے متعلق تیاریوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے ملک بھرپر امن احتجاج کے حوالے سے بنی گالہ میں کور کمیٹی کا اجلاس بلا یا ہے، عمران خان ملک بھر میں پر امن احتجاج سے متعلق کور کمیٹی کو ہدایات دیں گے,اجلاس میں سیاسی امور اور پارٹی کے انتظامی امور پر مشاورت ہوگی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد 174 ووٹوں سے کامیاب ہوئی تھی۔
عمران خان 3 سال 7 ماہ 21 دن تک وزیر اعظم کے منصب پر فائز رہے۔ وہ پارلیمانی تاریخ کے پہلے وزیراعظم ہیں جنہیں باقاعدہ آئینی طریق کار کے تحت عدم اعتماد کی قرارداد کے ذریعے اپنے عہدے سے ہٹایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: اے این پی کا وزیراعظم اورصدر کیخلاف عدالت جانے کا اعلان