قائد ایوان کون ۔کاغذات نامزدگی منظور۔ شہباز شریف کامقابلہ شاہ محمود سے کل ہوگا 

Apr 10, 2022 | 16:06:PM

(24نیوز)قومی اسمبلی میں ہونے والے قائد ایوان کے انتخاب کےلئے تحریک انصاف کے شاہ محمود اور متحدہ اپوزیشن کے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے گئے ۔
تفصیلات کے مطابق رات گئے قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد منظور ہو گئی تھی جس کے بعد وہ وزیراعظم کے عہدے سے ہٹ گئے تھے۔اتوار کو پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ملیکہ بخاری نے وزیر اعظم کے عہدے کےلئے کاغذات نامزدگی وصول کئے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی زین قریشی بھی پارلیمنٹ ہاﺅس پہنچے اور انہوں نے کہا کہ میدان خالی چھوڑنا نہیں چاہئے۔بعدازاں پی ٹی آئی کی جانب سے شاہ محمود قریشی کے بطور وزیر اعظم کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے گئے۔شاہ محمود قریشی کے 4 فارمز قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروائے ہیں جس میں عامر ڈوگر، علی محمد خان بالترتیب تائید کنندہ اور تصدیق کنندہ ہیں۔پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر نے کہا کہ وزیراعظم کےلئے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ،متحدہ اپوزیشن کے امیدوار میاں محمد شہباز شریف نے متحدہ اپوزیشن رہنماﺅں کے ہمراہ خود کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔شہباز شریف کے 13 کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے ہیں جس میں خواجہ آصف اور رانا تنویر ان کے تائید کنندہ اور تصدیق کنندہ ہیں۔
بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف نے متحدہ اپوزیشن کے امیدوار شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات اٹھائے۔پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان نے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پر آئینی اعتراضات اٹھاتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف پر مقدمات درج ہیں، آرٹیکل 233 کاغذات نامزدگی کو منظور کرنے یا مسترد کرنے کا 3 جگہ پر اختیار دیتا ہے۔بابراعوان نے مطالبہ کیا کہ شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں، شہباز شریف کے خلاف مالی کرپشن کے چارجز ہیں، دنیا کا پہلا وزیراعظم ہوگا جو 10 مہینے سے ضمانت پر ہے۔بابر اعوان نے شہباز شریف کے کاغذات پر اعتراض اٹھایا تو شاہد خاقان عباسی نے بابر اعوان کو ٹوک کر کہا کہ رول کیا کہتا ہے وہ کیا جائے یہ تقریریں کرنے کی جگہ نہیں ۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ رول 33 کیا کہتا ہے آپ قانون کو فالو کریں، پہلے آپ نے ٹائم تبدیل کیا آپ یہ بات کر رہے ہیں۔سیکرٹری قومی اسمبلی نے کہا کہ چارجز ہمیں دے دیں، باقی سیاسی تقاریر نہ کریں، قائم مقام اسپیکر نے اعتراضات کی سماعت کا اختیار دیا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے وکیل کے دلائل میں مداخلت نہ کریں، یہ حکومت ابھی بنی نہیں اور دھاندلی کا آغاز کردیا ہے، ان پر ابھی سے اقتدار کا نشہ چڑھا ہوا ہے۔بعد ازاں سیکرٹری قومی اسمبلی نے کاغذات درست قرار دیتے ہوئے شہباز شریف اور شاہ محمود قریشی دونوں کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے ادھر قومی اسمبلی کا 11اپریل 2022 بروز ( کل)پیر کو منعقد ہونے والے اجلاس کا ٹائم تبدیل کردیا گیا ہے اور اب اجلاس دن 11 بجے کے بجائے دوپہر 2 بجے منعقد ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں۔ابھی سے اقتدار کا نشہ چڑھ گیا۔شاہ محمود اوراحسن اقبال جھگڑ پڑے

مزیدخبریں