(ویب ڈیسک) حج و عمرہ زائرین کی سہولت کیلئے سعودی حکام نے بڑا اہم قدم اٹھا لیا ہے۔
سعودی عرب میں ادارہ امورحرمین کی جانب سے 14 زبانوں کی ماہرمترجم خواتین کی خدمات زائر خواتین کے لیے فراہم کی گئی ہیں۔ اردوسمیت متعدد زبانیں بولنے والی اہلکار حرمین میں تعینات ہیں۔ خواتین کی ڈیوٹی چوبیس گھنٹے مختلف شفٹوں میں لگائی جاتی ہے تاکہ زائرین کوکسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
مزید پڑھیں: مکہ مکرمہ میں موسلا دھار بارش, طواف و عبادت کے روح پرور مناظر
ادارے امورحرمین کی جانب سے اردو، انگلش، ازبکی، فارسی، ترکی، فرانسیسی، بنگالی، تاملی، بمبارا، پشتو، ہندی، آئیوری کوسٹ کی زبان، گلا اورسیلون میں ترجمہ کی ماہرخواتین کی خدمات فراہم کی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں مسجد الحرام اورمسجد نبوی میں خواتین کے لیے مخصوص مقامات پر خطبے کا ترجمہ سننے کے لیے زائرین کو ہیڈ فونز کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
خطبے کا ترجمہ سننے کے لیے ’آپ کی زبان میں ‘ کے عنوان سے انیشیٹو ہے جس سے استفادہ کرتے ہوئے مسنون دعاوں کا ترجمہ بھی اپنی زبان میں سیکھا جاسکتا ہے۔ مسجد الحرام میں خطبات اور وعظ کی مجلسوں، مقدس و تاریخی مقامات اور اداروں کے ساتھ رابطے کے لیے اب 50 زبانوں میں ترجمے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔