(علی حمزہ) گراؤنڈ کے چاروں اطراف انتہائی خوبصورت شاٹس کھیلنے والے بابر اعظم کے فین حیدرآباد کے ننھے کرکٹر احسن خان کو پی سی بی کی جانب سے انڈر 13 قومی ٹیم میں کھیلنے کا گرین سگنل ملنے کی امید روشن ہے۔
24 نیوز بنا اس ننھے کھلاڑی کی آواز جس کے بعد عبدالقادر اکیڈمی نے احسن کو لاہور میں ٹریننگ دی اور اب احسن کے انڈر 13 قومی ٹیم میں کھیلنے کے امکانات روشن ہیں۔
جارحانہ انداز، چھوٹی عمر میں شانداز بیٹنگ کلاس، سویپ ہو یا ہک شاٹ حیدر آباد کا 12 سالہ احسن خان گراونڈ کے چاروں اطراف بابر اعظم کے انداز میں بیٹنگ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور 7 سال کی عمر سے بابر اعظم جیسا بیٹسمن بننے کی خواہش رکھتا ہے جس کی محنت اب رنگ لانے لگی ہے۔
اس حوالے سے احسن کے والد کا کہنا تھا کہ 24 نیوز پر خبر چلنے کے بعد لاہور میں معروف کرکٹر عثمان قادر نے بچے کو اپنی اکیڈمی میں بلا کر داخلہ دیا تھا۔
خیال رہے کہ احسن خان والد کی مستقل سپورٹ اور دعاؤں کی وجہ سے ریجنل، صوبائی اور قومی سطح پر کم عمری میں ہی اپنا لوہا منواچکے ہیں جبکہ ٹاپ پرفارمر ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں انڈر 13 کی قومی ٹیم میں کھیلنے کا گرین سگنل بھی دے دیا ہے۔