دستور پاکستان کے 50 سال مکمل ہونے پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں: وزیراعظم

Apr 10, 2023 | 14:38:PM

(24نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دستور پاکستان 1973 کے 50 سال مکمل ہونے پر قوم کو مبارک ہو ،دستور کا تحفہ دینے والے تمام قائدین، جماعتوں ، ارکان پارلیمان کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

 دستور پاکستان کے 50 سال مکمل ہونے پرشہباز شریف نے اپنےخصوصی پیغام میں کہا کہ ان تمام محترم شخصیات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے50 سال میں آئین کی عزت و حرمت بڑھائی، اس کی مضبوطی میں کردار ادا کیا،دستورِ پاکستان 1973 قائد اعظم محمد علی جناح ، علامہ اقبال اور بانیان پاکستان کی بصیرت کا نچوڑ ہے،10 اپریل 1973 سے 10 اپریل 2023 تک دستور پاکستان نے قوم کو متحد رکھا ہے،دستور ہی پاکستان میں رہنے والی تمام قوموں کا متفقہ عمرانی معاہدہ ہے،دستور تمام ریاستی اداروں کی ماں ہے۔

وزیراعظم کا  مزید کہنا تھا کہ سانحات ، حادثات اور سازشی واقعات کے باوجود آئین نے اپنے وجود کو برقرار رکھا،ذوالفقار علی بھٹو آئین کے معمار بھی تھے اور اس کیلئے جان قربان کرنے والے بھی،محترمہ بے نظیر بھٹو اور قائد محمد نوازشریف کو خاص طور پر سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے آئین کی سربلندی، حفاظت اور فروغ کیلئے تاریخی کردار ادا کیا،تاریخ کا حسین اتفاق ہے کہ آئین کی گولڈن جوبلی مناتے ہوئے ملک میں آئین، جمہوریت اور عوام دوست جماعتیں اقتدار میں ہیں۔
آئین کی گولڈن جوبلی ایسے موقع پر آئی ہے جب تاریخ میں پہلی بار تمام جماعتوں نے مل کر آئین کی طاقت سے ووٹ چور سلیکٹڈ مسلط ٹولے کو اقتدار سے نکال باہر کیا،آئین پاکستان کا محافظ اور سمت نما ہے، اس کی حفاظت جان دے کر بھی کریں گے،ملک کو معاشی ترقی و خود انحصاری سے ہمکنار کرکے اور عوام کی زندگیوں میں آسانیاں لاکر آئین کی طاقت اور شان بڑھائیں گے ۔

مزیدخبریں