ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے

Apr 10, 2024 | 11:12:AM

(24نیوز )ملک بھر میں آج عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے۔

ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں کی جامع مساجد، عیدگاہوں اور کھلے مقامات پر بھی عید الفطر کی نماز کے اجتماعات منعقد کیے گئے،نماز عید کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کی خصوصی دعائیں مانگیں جس کے بعد لوگوں نے ایک دوسرے سے گلے مل کر باہمی رنجشوں کو بھلا کو عید سعید کی مبارک باد پیش کی،عیدالفطر کے موقع پر کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے سکیورٹی کے بھی انتہائی سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔ 

وزیراعظم شہباز شریف، حمزہ شہباز، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ودیگر نے نماز عیدالفطر ماڈل سیکرٹریٹ میں ادا کی جبکہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے عید کی نماز نواب شاہ اور بلاول بھٹو نے گڑھی خدا بخش میں عید کی نماز ادا کی۔

امیرِ جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے نمازِ عید مسجد ابراہیم نارتھ ناظم آباد بلاک اے میں ادا کی، کراچی کے پولو گراؤنڈ میں نماز عید الفطر قاری محمد سلیمی کی امامت میں ادا کی گئی۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری، مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب و دیگر نے پولو گراؤنڈ میں عید کی نماز ادا کی، یو اے ای کے قونصل جنرل بھی نماز کی ادائیگی کے لیے پولو گراؤنڈ پہنچے، اس دوران پولوگراؤنڈ اور اطراف میں سیکیورٹی الرٹ رہی، کراچی کے علاقے سبیل والی مسجد گرومندر میں بھی نمازِ عید ادا کی گئی۔

مینارِ پاکستان گراؤنڈ میں مفتی راغب نعیمی نے نماز عید پڑھائی، اس دوران ملکی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کی دعائیں مانگی گئیں، مینار پاکستان میں علامہ ابتسام الہٰی ظہیر نے نمازِ عید پڑھائی۔

لاہور کے علاقے باغ جناح میں بھی نماز عید ادا کی گئی جہاں ڈاکٹر عارف رشید نے نماز عید پڑھائی، عید کی نماز کے بعد ملکی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔

دوسری جانب لاہور کے علاقے منصورہ میں نماز عید جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے پڑھائی۔

لاہور میں واقع مسجد داتا دربار میں بھی نمازِ عید الفطر کا اہتمام کیا گیا جہاں علامہ ریاض سیالوی نے عید کی نماز پڑھائی۔

لاہور کی گرینڈ مسجد بحریہ ٹاؤن میں بھی نماز عید ادا کی گئی جہاں چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر اشرفی نے نماز عید پڑھائی، عید کی نماز کے بعد ملکی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ پولیس ہائی الرٹ ہے، عیدالفطر پر بھرپور سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے، پنجاب بھر میں 52 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار سکیورٹی پر معمور ہیں۔

آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ 27 ہزار سے زائد مساجد، 775 کھلے مقامات پر سکیورٹی فراہم کر رہے ہیں، لاہور میں 8 ہزار پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی پر تعینات ہیں، ڈولفن سکواڈ، پی آر یو، ایلیٹ فورس ٹیمیں مسلسل پٹرولنگ کر رہی ہیں۔

ڈاکٹر عثمان انور کا ہدایت کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز، سپروائزری افسران سکیورٹی انتظامات کاجائزہ لیں اور شہری ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی سے گریز کریں۔

سعودی عرب میں عید الفطر کے موقع پر حرم مکی (مسجد الحرام) اور حرم مدنی (مسجد النبوی) میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات ہوئے جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی،حرمین شریفین میں سعودی شہریوں کےعلاوہ مملکت میں مقیم غیر ملکیوں اور دیگر ممالک سے آئے ہوئے زائرین و معتمرین گزشتہ شب ہی سے پہنچنا شروع ہو گئے تھے، جہاں انہوں عید الفطر کی نماز ادا کی،حرمین شریفین میں عید الفطر کی نماز کے بعد امت مسلمہ کے لیے خیر و برکت، سلامتی اور فلسطین سمیت دیگر مظلوم مسلمانوں کے لیے دعائیں کی گئیں۔

علازہ ازیں مقبوضہ کشمیر میں بھی آج پاکستان کے ساتھ ہی عید الفطر منائی جا رہی ہے۔ اسی طرح کینیڈا، آسٹریلیا، برطانیہ و امریکا سمیت یورپی ممالک میں بھی آج عید الفطر منائی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ بنگلادیش میں شوال المکرم کا چاند نظر نہ آنے کی وجہ سے عید الفطر جمعرات کو منانے کا اعلان کیا گیا تھا جب کہ بھارت میں بھی چاند نظر نہ آنے کی وجہ سے ریاست کیرالہ کے سوا دیگر ریاستوں میں عید منانے کا اعلان کیا گیاہے۔

یہ بھی پڑھیں : وفاقی وزیر داخلہ سینیٹرمحسن نقوی کی  شوال کا چاند نظر آنے پر قوم کو مبارکباد

مزیدخبریں