ٹیرف معطلی پر پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا مثبت اختتام  

Apr 10, 2025 | 10:21:AM
ٹیرف معطلی پر پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا مثبت اختتام  
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(کاوشیں میمن)ٹیرف معطلی پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے سےپاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا مثبت اختتام  ہوا۔

تفصیلات کے مطابق ڈونلڈٹرمپ کی جانب سے امریکا پر جواب ٹیرف عائد نہ کرنے والے ملکوں کیلئے90روز کیلئے ٹیرف معطل کئے جانے پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے سے پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کے ساتھ کاروبار کا آغاز ہو ا، سارا دن پی ایس ای میں رونقیں لگی رہیں۔

کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 2036 پوائنٹس کے اضافے سے 116189 کی سطح پر بند ہوا،100 انڈیکس کی بلند ترین سطح 117484 پوائنٹس ریکارڈ ہوئی،100 انڈیکس کی کم ترین سطح 116130 پوائنٹس رہی۔

سٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں امریکی ڈالر 22 پیسے سستا ہوگیا ، انٹربینک میں ڈالر 280.78 روپے سے کم ہوکر 280.56 روپے پر بند ہوا۔ 

ماہرین کا کہنا ہے کہ ترسیلات زر اور برآمد کی مد میں ڈالر کے انفلوز آنے پر روپے کی قدر میں بہتری ہوئی ۔ 

 خیال رہے کہ گزشتہ روز کاروباری دن کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس 1379 پوائنٹس کی کمی کیساتھ ایک لاکھ 14 ہزار 153 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔

دوسری جانب ٹیرف معطلی کے مثبت اثرات کے باعث امریکی مارکیٹس میں بھی زبردست تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔

ایس اینڈ پی 500 میں تقریباً 10 فیصد، نیسڈک کے سٹاکس میں 12 فیصد سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جاپانی مارکیٹ میں بھی زبردست تیزی دیکھنے میں آئی ہے، نکلئی 225 کے سٹاکس میں 8  فیصد اضافہ ہوا۔

ہانگ کانگ کی ہانگ سینگ مارکیٹ میں بھی تقریباً 2 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، چین کی شنگھائی ایس ای کمپوزٹ انڈیکس میں بھی تیزی دیکھنے میں آئی ہے جبکہ پورپی مارکیٹس بدستور مندی کا شکار ہیں۔