اپوزیشن متحد ہو کر عدم اعتماد لائے، حکومت کل ہی گر جائے گی۔ بلاول بھٹو

Aug 10, 2021 | 17:49:PM

(24 نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کی طرح کپتان کو بھی بھگائیں گے، اپوزیشن متحد ہو کر عدم اعتماد لائے تو پنجاب اور وفاقی حکومت کل ہی گر جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کاکراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک میں عام انتخابات کسی بھی وقت ہوسکتے ہیں، حزب اختلاف سنجیدہ ہے تو اصولوں کی سیاست کرنا ہوگی۔ اپوزیشن نے اگر حکومت کو نقصان پہنچانا ہے تو ذاتی سیاست سے نکلنا پڑے گا،پہلے عثمان بزداراور پھرعمران خان کیخلاف تحریک عدم لائے۔مولانا فضل الرحمان کی عزت کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ یکساں اپوزیشن حکومت کو نقصان پہنچاسکتی ہے۔ جمہوری انداز سے سیاست کرنے سے حکومت کو نقصان پہنچاسکتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ جب تک پی ڈی ایم میں پیپلزپارٹی موجود تھی، تب تک اپوزیشن مسلسل جیت رہی تھی۔ ضمنی انتخابات میں پیپلزپارٹی کی بات مان کر اپوزیشن کو جیت ملی۔سینیٹ الیکشن میں پیپلزپارٹی کے کہنے پر اپوزیشن نے حصہ لیا تاہم پیپلزپارٹی کسی کے اشارے پر نہیں چلے گی۔
 ان کا کہنا تھا کہ اشاروں پر یقین نہیں، میں نے اپنے امریکی دورے میں واشنگٹن کا دورہ کیا ہی نہیں، کچھ دنوں بعد جب واشنگٹن کا دورہ کرونگا پھر ان کی چیخیں سنیں گے۔ حکمرانوں نے صرف سندھ اور کراچی کے عوام کو نقصان پہنچایا۔ مردم شماری میں غلط گنتی کرکے ہمیں حق نہیں دیا جاتا۔ وفاقی حکومت نے ایک سال گزر گیا ایک ایک قطرہ پانی، ایک میگاواٹ بجلی نہیں دی۔
 بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ پی ڈی ایم کے اجلاس میں پیپلزپارٹی شرکت نہیں کرے گی تاہم پی ڈی ایم کے لئے نیک خواہشات ہیں جو پیپلزپارٹی کی موجودگی میں نہیں ہوسکا وہ پیپلزپارٹی کے بغیر ہوگا۔ اس حکومت اور وزیراعظم کو ہر میدان میں چیلنج کریں گے۔
 بلاول بھٹونے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود کراچی میں کام ہورہا ہے تاہم وفاقی حکومت کراچی کیلئے کچھ کرنے کو تیارنہیں، عوام نے باقی دونوں جماعتوں کو بھگت لیا، وفاق نے1100ارب روپے کا اعلان کیا،لیکن ایک روپیہ نہیں دیا۔ حکومت نے صرف کراچی کی عوام کو نقصان پہنچایا ہے۔
دہشت گردی کے واقعات پرچیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف حکومت کو نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرنا چاہئے۔ پورے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کرسکتے ہیں۔ افغانستان کی صورتحال کے بعد دہشت گردوں کا اگلا نشانہ پاکستان ہوگا۔ ہمارا وزیراعظم دہشت گردوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور جانیں دینے والے سیکورٹی اہلکاروں کو لاوارث چھوڑا گیا ہے۔ عمران خان کو اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرنا ہوگی اور جب تک اس پر نظر ثانی نہیں ہوتی،دہشت گردی جاری رہے گی۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی سے متعلق انہوں نے کہا کہ کارکردگی بہتر بنانے کے لئے وزیراعلی سندھ کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے گریڈ 19 کے افسر کی پوزیشن پر کابینہ کے رکن کو بٹھایا ہے۔ وزیراعلی سندھ عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے کوششیں کریں گے۔ عوام ایم کیوایم اور پی ٹی آئی کو ووٹ کی طاقت سے جواب دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر کی اسلام آباد آمد۔۔ پروٹول میں کتنی گاڑیاں۔۔؟ جان کرحیران رہ جائینگے

مزیدخبریں