میاں بیوی، بیٹے سمیت پورا خاندان گاڑیاں چھیننے میں ملوث، 9 گاڑیاں برآمد
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)سندھ پولیس کے اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل نے کراچی میں کارروائی کے دوران محکمہ اسپورٹس کے ملازم سمیت ایک ہی خاندان کے 3 افراد کو گاڑیاں چھیننے اور جعل سازی کرکے فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
سیئنرسپریٹنڈنٹ اے وی ایل سی عارف اسلم را ﺅکے مطابق ان کے عملے نے کراچی سے گاڑیاں چھیننے کی وارداتوں میں ملوث ملزم شہاب، لیاقت اور خاتون امبر عرف شبو ناز کو گرفتار کیا، جن کے قبضے سے چھینی گئی 9 قیمتی گاڑیاں برآمد ہوئیں۔ایس ایس پی کے مطابق دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ گرفتار ملزمہ امبر عرف شبو ناز ملزم شہاب کی والدہ جبکہ لیاقت اس کا سوتیلا باپ ہے۔
پولیس تفتیش کے مطابق گرفتار ملزمہ شبو ناز اپنے شوہر کے ہمراہ کراچی کے مختلف علاقوں سے گاڑیاں کرائے پر حاصل کرتی تھی، کرائے کی گاڑی کے ڈرائیورز کو ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، نیو کراچی، نارتھ کراچی تک لے جایا جاتا تھا، یہ ملزمان سنسان جگہ دیکھ کر ڈرائیور کو اسلحے کے زور پر نیچے اتار کر گاڑی لے کر فرار ہو جاتے تھے۔
پولیس کے مطابق ملزمان ان گاڑیوں کے دستیاب کاغذات کو رنگین اسکین کرتے تھے، جعل سازی کرکے کمپیوٹر سے ان انجن یا چیسس نمبر تبدیل کرکے رنگین پرنٹ نکال لیا کرتے تھے۔ چھینی گئی گاڑیوں کو بینک ڈیفالٹر، نان کسٹم پیڈ یا مسنگ فائل والی ظاہر کرکے کم پیسوں پر مختلف لوگوں کو فروخت کر دیتے تھے۔
اس بڑی کارروائی کے بعد ایس ایس پی، اے وی ایل سی کے عہدے سے ہٹائے جانے والے عارف اسلم را کے مطابق ملزمان کو اب تک 7 مختلف مقدمات میں گرفتار کرکے ریمانڈ حاصل کیا جا چکا ہے۔
ایس ایس پی نے انکشاف کیا کہ ملزمان کا یہ گروہ اس سے پہلے کبھی گرفتار نہیں کیا جا سکا تھا اور یہ پہلی مرتبہ قانون کی گرفت میں آیا ہے جن کے خلاف سخت کاروائی کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سندھ حکومت کا انتقال کرنیوالے ملازمین کے حوالے سے بڑا فیصلہ