(اویس کیانی)وزیرِ اعظم شہباز شریف اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے درمیان نگران وزیراعظم کے تقرر کیلئے ملاقات کا پہلا دور ختم ہو گیا، کل دوبارہ ملیں گے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف سے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی راجہ ریاض نے وزیرِ اعظم ہاؤس میں ملاقات کی، وزیرِ اعظم نے آئین کی روشنی میں قائد حزب اختلاف کو نگران وزیرِ اعظم کی تقرری کیلئے مشاورت کے حوالے سے ملاقات کی دعوت دی تھی.
یہ بھی پڑھیں: صوبائی دارالحکومت میں زور دار دھماکہ، ویڈیو بھی سامنے آ گئی
ملاقات میں وزیرِ اعظم اور قائد حزبِ اختلاف کے مابین نگران وزیرِ اعظم کے ناموں پر مشاورت کا پہلا دور خوشگوار ماحول میں ہوا اور فیصلہ کیا گیا کہ اس اہم قومی معاملے پر مزید سوچ بچار کے بعد کل یعنی 11 اگست کو دوبارہ مشاورت کی جائے گی۔
اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض احمد نے وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی ایڈوائس پر کل صدر نے اسمبلی تحلیل کر دی تھی، 3 دن کے اندر میں نے اور وزیراعظم نے اس پر مشاورت کرنی ہے، اس پر آج وزیراعظم سے ایک گھنٹہ تک ملاقات ہوئی، وزیراعظم کی جانب سے تین نام دئیے گئے، کل تک وزیراعظم سے وقت مانگا ہے اور وزیراعظم کے ناموں پر غور کروں گا، کل وزیراعظم سے دوبارہ ناموں پر مشاورت ہوگی۔
راجا ریاض نے نام خفیہ رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سب عزت دار لوگ ہیں، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ نام فائنل ہونے سے پہلے نام ڈسکلوز نہیں کریں گے، آج پہلا دن تھا ہم دونوں کو ایک دوسرے کے ناموں کا اندازہ نہیں تھا، مجھے یقین ہے میں اور وزیراعظم جلد کسی نام پر متفق ہوجائیں گے، وزیراعظم سے اس حوالے سے کل دوپہر دوبارہ ملاقات کروں گا، کل امید کی جارہی ہے کہ نام فائنل ہوجائیں گے، کل فیصلہ نہ ہونے کی صورت میں پرسوں بھی مشاورتی سیشن ہوگا۔