چیئرمین پی ٹی آئی کی صحت و سلامتی کے حوالے سے حکّام کے طرزِعمل سے مطمئن نہیں: کور کمیٹی تحریک انصاف
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی صحت و سلامتی کے حوالے سے حکّام کے طرزِعمل سے بالکل بھی مطمئن نہیں ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اٹک جیل میں نہایت ناگفتہ بہ حالات میں قید چیئرمین پی ٹی آئی کی صحت و سلامتی کا خصوصی ایجنڈا زیرِ غور لایا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین پی ٹی آئی کی صحت و سلامتی کو سنجیدگی سے نہ لینے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کو گھر سے کھانا اور پانی منگوانے کی اجازت میں تاخیر پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا، کمیٹی نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کو فوری طور پر اٹک سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: نگران وزیراعظم کا تقرر، شہباز شریف اور راجہ ریاض کی ملاقات، پرائمنسٹر ہاؤس سے اہم خبر آ گئی
کور کمیٹی تحریک انصاف کے جاری کردہ بیانیے میں کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی صحت و سلامتی کے حوالے سے حکّام کے طرزِعمل سے ہرگز مطمئن نہیں، عمران خان پہلے ایک مرتبہ قاتلانہ حملے اور قتل کی متعدد کوششوں کا نشانہ بن چکے ہیں، ایک متنازع عدالتی فیصلے کے نتیجے میں قید کئے جانے کی آڑ میں ان کی صحت و سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کی قطعاً اجازت نہیں دے سکتے، قواعد اور جیل مینوئل کے مطابق معیاری اور محفوظ کھانا چیئرمین پی ٹی آئی کا بنیادی استحقاق ہے۔
کور کمیٹی تحریک انصاف کے جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا کہ عدالت صورتحال کا فوری نوٹس لے اور چیئرمین تحریک انصاف کو گھر سے کھانا اور پانی منگوانے کی اجازت دے، عدالت چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی اٹک سے اڈیالہ جیل فوری منتقلی کے احکامات بھی صادر کرے۔